کیئر پروگرام ملک بھر میں 23 مراکز کے ذریعے تین ہزار کے قریب یتیم بچوں کی دیکھ بھال کر رہا ہے ، سید وقاص انجم جعفری

73

راولپنڈی۔27مئی (اے پی پی):الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص انجم جعفری نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت تقریباً 42 لاکھ بچے یتیم ہیں جن کی کفالت اور تعلیم حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آغوش الخدمت راولپنڈی کے سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کا آرفن کیئر پروگرام ملک بھر میں 23 مراکز کے ذریعے تین ہزار کے قریب یتیم بچوں کی دیکھ بھال کر رہا ہے جبکہ ایسے بچے جو گھروں میں مقیم ہیں انہیں ماہانہ 5500 روپے تعلیمی اخراجات کی مد میں فراہم کیے جا رہے ہیں۔

سید وقاص انجم جعفری نے کہا کہ الخدمت کی یہ کوشش ہے کہ کوئی یتیم بچہ مالی وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہ ہو۔ انہوں نے آغوش راولپنڈی میں بچوں کے لیے مہیا کردہ کیڈٹ کالج طرز کے تعلیمی ماحول، معیاری رہائش اور عمدہ خوراک کی فراہمی پر خوشی کا اظہار کیا۔

تقریب میں امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی، ضلعی جنرل سیکرٹری عثمان آکاش، صدر الخدمت فاؤنڈیشن شمالی پنجاب رضوان احمد، صدر ضلع ہارون رشید، اور ڈائریکٹر آغوش راولپنڈی عتیق احمد عباسی سمیت دیگر مقررین نے بھی اظہار خیال کیا۔ مقررین نے الخدمت کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے یتیم بچوں کے لیے جو کام کیا ہے وہ قابل تحسین اور قابل تقلید ہے۔