اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی کی سربراہی میں کابینہ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹیشن اینڈ لاجسٹکس نے فیصلہ کیا کہ پپری مارشلنگ یارڈ کے شروع ہونے کے بعد کے پی ٹی میں آنے والے تمام کارگو کنٹینرز کو بانڈڈ پپری مارشلنگ یارڈ میں منتقل کر دیا جائے گا۔
کابینہ کمیٹی برائے ٹرانسپورٹیشن اینڈ لاجسٹکس کا اجلاس وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ بانڈڈ پپری مارشلنگ میں مال اتارنے سمیت کسٹم کلیئرنس کی جائے گی۔ اس فیصلہ سے کراچی کی سڑکوں پر بڑی گاڑیوں کے بھاری ٹریفک کے ہجوم میں کافی حد تک کمی آئے گی۔
اجلاس میں ہیلی کاپٹر لائسنسنگ پالیسی، کے پی ٹی سے پپری ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور، پورٹ قاسم کراچی پر کیو فلیکس ویسلز، ہائیڈرو کاربن پر بندرگاہوں کی جانب سے وصول کیے جانے والے چارجز اور پورٹ قاسم میں پی بی آئی ٹی ٹرمینل سے نئے ریل لنک پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی، وفاقی وزیر برائے سول ایوی ایشن غلام سرور خان، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، چیئرمین پورٹ قاسم ریئر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ، چیئرمین کے پی ٹی نادر ممتاز، چیئرمین پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن( پی این ایس سی ) رضوان خان احمد، چیئرمین اوگرا مسرور خان، سیکرٹریز اور دیگر اعلی حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے شرکاکو مزید ہدایات جاری کیں کہ کمیٹی اگلے اجلاس میں تمام ایجنڈوں پر عمل درآمد کرے گی۔