نیو یارک۔ 14ستمبر(اے پی پی) آسٹریا کے نامور ٹینس سٹار اور رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فاتح ڈومینک تھیم نے کہا ہے کہ وہ اپنے کیریئر کا پہلا میگا ایونٹ جیتنے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک تاریخی فتح ہے، ڈومینک تھیم پہلے آسٹرین کھلاڑی ہیں جہنوں نے کوئی گرینڈ سلام ٹائٹل جیتا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ڈومینک تھیم نے کہا کہ فائنل میچ میں انہوں نے اپنی تمام تر توجہ کھیل پر مرکوز رکھی اور درست شارٹس کا استعمال ٹھیک وقت پر کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ ڈومینک تھیم نے ابتدائی دو سیٹس میں جرمن کھلاڑی کے ہاتھوں شکست کے باوجود اگلے سٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کی۔ 27 سالہ ڈومینک تھیم نے 23 سالہ جرمن کھلاڑی کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد2-6، 4-6، 6-4،6-3 اور 7-6(8-6) سے ہرا کر کیریئر کا پہلا گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کیا۔ تھیم نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید ٹائٹل اپنے نام کریں گے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان فائنل میچ 4 گھنٹے اور 2 منٹس تک جاری رہا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 27 سالہ فاتح کھلاڑی تھیم نے 2018 اور 2019 کے فرنچ اوپن کا فائنل اور رواں سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن کا فائنل بھی کھیل چکے ہیں تاہم اس میں ان کو کامیابی حاصل نہیں ہوسکی تھی۔ تھیم روواں سال کے شروع میں آسٹریلین اوپن میں رنر اپ تھے اور اس کے علاوہ ان کو 2018 اور 2019 کے فرانچ اوپن کے آخری دو سیزنز کے فائنلز میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔