کیریبین پریمیئر لیگ ، گیانا ایمیزون واریئرز نے جمیکا تلاواز کو 12 رنز سے ہرا دیا

144

گیانا۔22ستمبر (اے پی پی):گیانا ایمیزون واریئرز نے کیریبین پریمیئر لیگ کے 25 ویں میچ میں جمیکا تلاواز کو12رنز سے شکست دے دی،یہ گیانا ایمیزون واریئرز کی لیگ میں دوسری فتح ہے۔جمیکا تلاواز کے اوپننگ بلے باز برینڈن کنگ کی سنچری رائیگاں گئی۔179رنز ہدف کے تعاقب میں جمیکا تلاواز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 166 رنز پر ڈھیر ہوگئی ، گیانا ایمیزون واریئرز کے اوڈین سمتھ کو آل رائونڈ کارکردگی پر میچ بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پروویڈنس سٹیڈیم، گیانامیں کھیلے گئے لیگ کے 25ویں میچ میں گیانا ایمیزون واریئرز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 ویں اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے اور اس نے جمیکا تلاواز کو میچ میں کامیابی کے لئے 179 رنز کا ہدف دیا۔

شائی ہوپ 60، اوڈین سمتھ 42 اور کیمو پال ناقابل شکست 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔ جمیکا تلاواز کے محمد نبی نے تین، کرس گرین نے دو جبکہ پاکستان کے عماد وسیم اور کپتان رومین پاول نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں گیانا کے بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث جمیکا تلاواز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 166 رنزبناکر آئوٹ ہوگئی۔ اس کے 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔ برینڈن کنگ بدقسمتی سے 104 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے ۔گیانا ایمیزون واریئرزعمران طاہر،گڈاکیش موتی اور اودین سمتھ نے دو، دو جبکہ شکیب الحسن نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اوڈین سمتھ آل رائونڈ کارکردگی پر مرد میدان قرار پائے۔