کوئٹہ۔ 24 ستمبر (اے پی پی):وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایات پرکوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) کا صوبہ بھرمیں تمام آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں اور نادہندگان سے بقایا جات کی وصولی کے لیئے کارروائیوں کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہا۔کیسکو کو ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا تعاون بھی حاصل ہے۔ اتوار کو شہباز ٹاون فیز ٹو الحمد سوسائٹی میں ایک صارف کو بجلی چوری کرنے پر موقع پر گرفتار کر لیا گیا ۔
کیسکو نے مذکورہ بجلی چور کیخلاف قانونی کارروائی کے لیئے صدر تھانہ میں درخواست جمع کر وادی۔ زہری ٹاؤن میں بجلی چور نے کیسکو اور پولیس اہلکاروں کے ساتھ بد تمیزی کی جس کے خلاف قانونی کارروائی کے درخواست دائر کردی گئی۔ دریں ا ثناء آرچر روڈ8 کمرشل کنکشنزمیٹروں کو شنٹ کر کے بجلی چوری کر رہے تھے جنہیں 8 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ فاروقیہ ٹاون میں ایک ٹیوب ویل ڈائریکٹ چل رہا تھا جسکے مالک کو گرفتار کر کے اسکے خلاف کارروائی کے لیئے درخواست متعلقہ تھانہ میں جمع کرا دی گئی۔
مری آباد میں ایک پلازہ بجلی چوری میں ملوث پایا گیا جسکے مالک کو گرفتار کر کے اسکے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ نوا کلی میں 4 بجلی چور گرفتار اور کچلاک میں 14 بجلی چوروں کیخلاف قانونی کارروائی کے لیئے درخواستیں دائر کر دی گئیں۔ جناح ٹاون اور ایئر پورٹ روڈ پر8 شنٹ کیئے گئے میٹروں کو اتار کر انکو3 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔
ہزار گنجی میں 9 نادہندگان کے کنکشنز منقطع کر دیئے گئے۔لورالائی،قلعہ سیف اللہ،ژوب، اورہرنائی کے علاقوں میں نادہندگان کے6 ٹرانسفارمرز اتار دیئے گئے ، اسکے علاوہ 39نادہندگان کے کنکشنز منقطع کر دیئے گئے ، جرمانہ کی مد میں ساڑھے 7 لاکھ روپے وصول بھی کیئے گئے۔ پشین،چمن او رگلستان کے مختلف علاقوں سے 67کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع اور جرمانہ کی مد میں 4 لاکھ20 ہزار روپے بھی وصول کیئے گئے۔
سبی اور نصیر آباد کے علاقوں کے مختلف علاقوں سے 31نادہندگان کے کنکشنز منقطع کئے گئے۔ پنجگور، تربت اور گوادرکے علاقوں سے بجلی بلوں کی عدم ادائیگی پر22گھریلو اور کمرشل نادہندہ صارفین کے کنکشنز منقطع کردئیے گئے جبکہ خضدار، مستونگ، کانک اور سوراب کے علاقوں میں بھی 26 ٹرانسفارمروں کے جمپرز کاٹ کر بجلی منقطع کردی گئی۔