کوئٹہ۔ 12 اکتوبر (اے پی پی):وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی ہدایت پرکوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)صوبہ بھرکے تمام آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف کاروائیاں کررہی ہے۔اس سلسلے میں کارروائی کے دوران نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں ریکوری کے علاوہ بجلی چوروں کے کنکشنز بھی منقطع کئے جارہے ہیں۔
جمعرات کے روز بھی صوبائی دارلحکومت کوئٹہ سمیت صوبہ کے تمام آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی عمل میں لائی گئیں،کیسکوٹیموں نے کوئٹہ شہرکے کاسی روڈ،حاجی غیبی روڈ، کلی چشمہ، سریاب کسٹم، خروٹ آباد، سبزل روڈ، قمبرانی روڈکے علاقوں سے 107شنٹ کئے گئے میٹرزاُتاردئیے اور 97کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پرمنقطع کردئیے نیز کارروائی کے دوران نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں 33لاکھ روپے کی ریکوری جبکہ ڈٹیکشن کی مدمیں 12لاکھ 20ہزارروپے بھی وصول کئے گئے۔اسی طرح کیسکوسبی سرکل میں بھی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران اوستہ محمدکے علاقہ سے نادہندگان کے 4ٹرانسفارمرزاُتارنے کے علاوہ 78گھریلو اور کمرشل صارفین کے کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے،
نیز کارروائی کے دوران نصیر آباد اور سوئی کے علاقوں میں 5بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے پولیس تھانوں میں درخواست دائر کردی گئیں جبکہ نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں 27لاکھ روپے کی ریکوری نیز ڈٹیکشن کی مدمیں 4لاکھ 80ہزارروپے بھی وصول کئے گئے۔اس کے علاوہ کیسکوپشین سرکل میں کارروائی کرتے ہوئے کیسکوٹیموں نے پشین اور خانوزئی میں 5ٹرانسفارمرزاُتاردئیے گئے جن میں ایک غیر قانونی ٹرانسفارمربھی شامل ہیں جبکہ کارروائی کے دوران پشین سرکل کے مختلف علاقوں سے 72کنکشنز عدم ادائیگی پر منقطع کئے گئے۔کارروائی کے دوران نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں 35لاکھ روپے وصول کئے گئے جبکہ ڈٹیکشن کی مدمیں 4لاکھ 45ہزارروپے بھی وصول کئے گئے۔علاوہ ازیں کیسکولورالائی سرکل کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران نادہندگان کے 57کنکشنزبلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے
نیز کارروائی کے دوران نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں 27لاکھ 50ہزارروپے کی ریکوری جبکہ ڈٹیکشن کی مدمیں 2ؒٓلاکھ 15ہزارروپے جرمانے وصول کئے گئے۔دریں اثناء کیسکوخضدارسرکل کی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں نادہندگان کے 16ٹرانسفامرزسے ایچ ٹی جمپرز کاٹ کر بجلی منقطع کردئیے جبکہ بلوں کی عدم ادائیگی پر 81نادہندگان کے کنکشنزمنقطع کئے گئے۔ کارروائی کے دوران نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں 24لاکھ 70ہزارروپے کی ریکوری جبکہ ڈٹیکشن کی مدمیں 5لاکھ 30ہزارروپے وصول کئے گئے
۔اسی طرح مکران سرکل میں کیسکوٹیموں نے تربت شہرمیں کارروائی کے دوران نادہندگان کے 3ٹرانسفارمروں کے ایچ ٹی جمپرز منقطع کردئیے۔سرکل کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دورا ن42کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے جبکہ نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں 18لاکھ روپے کی ریکوری نیزڈٹیکشن کی مدمیں ایک لاکھ 60ہزارروپے بھی وصول کئے گئے۔ واضح رہے کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے احکامات پر کیسکو ٹیمیں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کررہی ہے۔
لہٰذاکیسکونے اپنے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ بقایاجات بھی اداکریں نیز تمام صارفین بجلی کے غیر قانونی استعمال سے اجنتاب کریں اوربجلی چوروں کے خلاف قومی مہم میں کیسکوکا ساتھ دیں۔اسکے علاوہ کیسکونے تمام زرعی صارفین کو بھی متنبہ کیاہے کہ وہ اپنے غیر قانونی کنکشنز اورخود ساختہ برقی لوڈکو بھی فوری طورپر ہٹادیں علاوہ ازیں نئے کنکشن کے حصول کیلئے اپنے علاقہ کے متعلقہ کیسکوسب ڈویژن میں درخواست دیں۔