کوئٹہ۔ 11 جون (اے پی پی):کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کی صوبہ بھرمیں نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ا س سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی، سبی، خضدار اور مکران آپریشن سرکلز میں نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی کیلئے کارروائی عمل میں لائی جارہی ہیں۔کیسکونے بجلی بلوں کی ادائیگی سے متعلق تمام نادہندہ سرکاری محکموں سمیت دیگر نادہندہ گھریلو، کمرشل، صنعتی اور زرعی صارفین کو بقایاجات جمع کرانے کیلئے نوٹسز بھی ارسال کردئیے ہیں۔ نادہندگان سے بجلی بلوں کے بقایاجات کی وصولی اور بجلی چوروں کے خلاف جاری اس مہم میں کیسکوکو خاطرخواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے جس کے مثبت اثرات باقاعدگی سے بل کی ادائیگی کرنے والے صارفین کو بہتروولٹج کی صورت میں مل رہے ہیں۔
اس خصوصی مہم کے تحت کیسکوکی ٹیموں نے ماہ ستمبر سے اب تک کیسکوکے زیرانتظام صوبہ بھرمیں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے دوران میٹروں کو شنٹ اورمیٹر ریڈنگ سلو کرنے والے 26ہزار103 گھریلو کنکشنز، 8ہزار703 کمرشل کنکشن جبکہ 2ہزار582زرعی کنکشنزاور559صنعتی صارفین کے کنکشنزچیک کرکے اُن پرڈٹیکشن کی مدمیں جرمانے عائد کردئیے اوراس طرح بجلی چوری کی مدمیں بجلی چوروں کو مجموعی طورپرایک کروڑ30 لاکھ11 ہزاربجلی یونٹ ڈیٹیکشن چارج کیئے گئے اور چارج شدہ بجلی یونٹس کی قیمت تقریباً67کروڑ33لاکھ14ہزارروپے بنتی ہے جن میں سے اب تک 62 کروڑ95 لاکھ 52 ہزار روپے وصول کرلئے ہیں ۔ اس جاری مہم کے دوران بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے 6ہزار727 تحریری درخواستیں صوبہ کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں ارسال کر دی گئیں ہیں جن میں سے اب تک 607 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرزبھی درج کئے جاچکے ہیں۔
علاوہ ازیں نادہندگان سے بجلی بلوں کی مدمیں بقایاجات کی وصولی کے سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کاعمل بھی تیزی سے جاری ہے جس کے تحت ماہ ستمبر سے اب تک صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی،سبی،خضداراور مکران آپریشن سرکلز میں بقایاجات کے حامل 2 لاکھ59ہزار871 نادہندہ صارفین سے تقریباً3 ارب84 کروڑ 34لاکھ روپے سے زائد رقم بھی وصول کرلئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات پر کیسکوٹیمیں صوبہ بھرکے تمام آپریشن سرکلز میں تمام بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کررہی ہیں، لہٰذا کیسکونے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بجلی بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اپنے ذمہ بقایاجات بھی اداکریں تاکہ بعدمیں کنکشن منقطع ہونے یا مزید کسی بھی زحمت اور پریشانی سے بچاجاسکے۔کیسکونے تمام صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ بجلی کے غیر قانونی استعمال سے گریز کریں اور اپنے اردگردبجلی چوروں کی نشاندہی کرکے اس قومی مہم میں کیسکوکے ساتھ تعاون کریں۔