کوئٹہ۔ 06 دسمبر (اے پی پی):وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی خصوصی ہدایات پر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)صوبہ بھرمیں تمام آپریشن سرکلز میں نادہندگان کیخلاف بلاامتیاز کاروائیاں کررہی ہے اور اس جاری مہم میں اب تک کیسکوکوخاطرخواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
بدھ کے روز صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت کیسکوکے تمام آپریشن سرکلز میں کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔کارروائیوں کے دوران کیسکوسریاب، زرغون اور سٹی ڈویژن کی ٹیموں نے کوئٹہ شہر میں کاسی روڈ، سرکی روڈ، پشتون ٹائون، جتوئی کالونی، نصیر آباد روڈ، مشرقی بائی پاس،گوالمنڈی،جائنٹ روڈ، خروٹ آباد، نواں کلی، کچلاک بازاراور اس سے ملحقہ علاقوں میں 88 شنٹ اور ٹیمپرڈ میٹروں کو اُتارکر تبدیل کر دیا جنہیں بعدازاں ڈٹیکیشن کی مدمیں جرمانے عائد کیے گئے۔
اس کے علاوہ کیسکوٹیموں نے صوبہ بھرمیں کیسکوکے زیرانتظام تمام آپریشن سرکلز میں مختلف گھریلو اور کمرشل نادہندگان کے394 کنکشنز بھی بلوں کی عدم ادئیگی پرمنقطع کردئیے۔علاوہ ازیں اِس جاری مہم کے دوران کیسکونے اب تک صوبہ بھرمیں تقریباًایک لاکھ12ہزار644 نادہندہ صارفین سے بقایاجات کی مدمیں 2 ارب2کروڑ64لاکھ 70ہزارروپے سے زائد رقم وصول کرلئے ہیں جن میں مختلف نادہندہ گھریلو، کمرشل اور دیگر نجی صارفین شامل ہیں۔
اسی طرح کیسکونے صوبہ بھر کے تمام آپریشن سرکلز میں اب تک492 بجلی چوروں کے خلاف مختلف پولیس تھانوں میں ایف آئی آرزبھی رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔بجلی چوروں کوڈٹیکشن کی مدمیں 66 لاکھ17ہزار667بجلی یونٹس جرمانہ کی مدمیں چارج کئے گئے جن میں سے اب تک29کروڑ37 لاکھ47ہزارروپے بھی وصول کئے جاچکے ہیں۔
واضح رہے کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے احکامات پر کیسکو ٹیمیں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کررہی ہے لہٰذاکیسکونے اپنے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ بقایاجات بھی اداکریں نیز تمام صارفین بجلی کے غیر قانونی استعمال سے اجنتاب کریں اوربجلی چوروں کے خلاف قومی مہم میں کیسکوکا ساتھ دیں۔