کیسکو کی جانب سے شمسی توانائی پر منتقل ہونیوالے زرعی صارفین کے ٹرانسفارمر، کھمبے اوربرقی آلات ہٹانے کاکام جاری

101

کوئٹہ۔ 16 جنوری (اے پی پی):کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی جانب سے صوبہ کے اُن زرعی صارفین کے ٹرانسفارمرز، ایچ ٹی کھمبے اوردیگر برقی آلات ہٹانے کا عمل جاری ہے جنہیں حکومت کی طرف سے سولرائزیشن کے منصوبہ میں شامل کیا گیا ہےاور صوبائی حکومت نے اس منصوبہ کے پہلے فیزکے تحت ضلع کوئٹہ اور پشین کے زمینداروں کو شمسی توانائی پر منتقلی کیلئے رقوم بھی جاری کردئیے ہیں۔ اس سلسلے میں کیسکوکی ٹیموں نے گزشتہ روز ضلع کوئٹہ میں زرعی صارفین کے227 ٹرانسفارمرزاور217 ایچ ٹی کھمبے جبکہ ضلع پشین میں 218 ٹرانسفارمرز اور ایچ ٹی کھمبوں سمیت ان سے منسلک برقی آلات اُتاردئیے۔اس طرح مجموعی طورپرکیسکونے445 ٹرانسفارمرزاور829 ایچ ٹی کے کھمبے اورزرعی کنکشنزسے منسلک برقی آلات اُتاردئیے ہیں۔واضح رہے کہ صوبہ کے تمام زرعی ٹیوب ویل کنکشنزکو شمسی توانائی پر منتقل کئے جارہے ہیں اورمنصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت کیسکونے ضلع کوئٹہ اور ضلع پشین میں زرعی کنکشنوں کے ٹرانسفارمرزاور کھمبے ہٹانے پرکام شروع کردیاہے تاکہ سولرائزیشن کے بعد زرعی کنکشنز کیسکوکے نیٹ ورک سے دوبارہ منسلک نہ ہوسکیں لہٰذا ایسے تمام زرعی صارفین جنہیں حکومت کی جانب سے سولرائزیشن کی مدمیں رقم دئیے جاچکے ہیں ،اُن سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اپنے بجلی کے کنکشنز شمسی توانائی پر منتقل کریں ۔