کیسکو کی صوبہ بھرمیں تمام آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں و نادہندگان کیخلاف کارروائیاں جاری

65
QESCO

کوئٹہ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی ہدایات پرکوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی صوبہ بھرمیں تمام آپریشن سرکلز میں بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف کاروائیاں تیزی سے جاری ہیں ،اس سلسلے میں نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں ریکوری کے ساتھ ساتھ بجلی چوروں کے کنکشنز بلاتفریق منقطع کئے جارہے ہیں۔

کیسکوٹیموں نے جمعہ کے روز بھی صوبائی دارلحکومت کوئٹہ سمیت صوبہ کے تمام آپریشن سرکلز میں کارروائیاں کی جس کے دوران کوئٹہ شہرمیں ریلوے ہائوسنگ سکیم، مشرقی بائی پاس، پشتون آباد، فاطمہ جناح روڈ، بلیلی، چشمہ، منوجان روڈ،کچلاک،طوغی روڈ،مری آباد،سبزل روڈ، سمنگلی روڈ،سریاب روڈ موسیٰ کالونی کے علاقوں سے 74 شنٹ اورٹیمپرڈمیٹرز اُتاردئیے گئے۔اسکے علاوہ کلی مناس بلیلی کے علاقہ سے ایک ٹرانسفارمرعدم ادائیگی پر اتار دیا گیا۔ علاوہ ازیں سینٹرل سرکل کی ٹیموں نے کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں میں 70گھریلو،کمرشل اور دیگر نادہندہ صارفین کے کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کردئیے ،

نادہندگان سے 98لاکھ روپے بقایاجات کی مدمیں ریکوری عمل میں لائی گئی جبکہ ڈٹیکشن کی مدمیں بھی 32لاکھ 90ہزارروپے وصول کرلئے گئے۔ علاوہ ازیں کیسکولورالائی سرکل نے کوہلو، ہرنائی، لورالائی کے علاقوں میں کارروائی کے دوران نادہندگان کے 6ٹرانسفارمرزعدم ادائیگی پر اُتاردئیے۔اسی طرح بلوں کی عدم ادائیگی پر 49نادہندگان کے کنکشنز منقطع کردئیے گئے نیز سرکل کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران سے نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں 36لاکھ 60ہزارروپے کی ریکوری عمل میں لائی گئی جبکہ ڈٹیکشن کی مدمیں 85ہزارروپے بھی وصول کئے گئے ۔

لورالائی شہرمیں ایک بجلی چورکے خلاف قانونی کارروائی کیلئے پولیس تھانہ میں درخواست جمع کرادی گئی ہے۔ پشین سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے پشین شہر سے نادہندگان کے3ٹرانسفارمرز بلوں کی عدم ادائیگی پر اُتاردئیے ، 37نادہندہ گھریلو،کمرشل اور دیگر صارفین کے کنکشنزعدم ادائیگی پر منقطع کردئیے جبکہ نادہندگان سے بقایاجات کی مد52لاکھ روپے ریکوری نیز ڈٹیکشن کی مدمیں 3لاکھ60ہزارروپے بھی وصول کرلئے۔اسی طرح کیسکوسبی سرکل میں بھی کارروائی کے دوران 68نادہندگان کے کنکشنزعدم ادائیگی پر منقطع کردئیے گئے، اس دوران نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں 37لاکھ روپے کی ریکوری عمل میں لائی گئی جبکہ ڈٹیکشن کی مدمیں بھی 4لاکھ20ہزارروپے وصول کئے گئے

۔کیسکوخضدارسرکل کی ٹیموں نے کارروائی کے دوران 63نادہندگان کے کنکشنز بلوں کی عدم ادائیگی پر منقطع کئے گئے،کارروائی کے دوران بقایاجات کی مدمیں نادہندگان سے21لاکھ روپے ریکوری جبکہ ڈٹیکشن کی مدمیں 3لاکھ30ہزارروپے وصول کئے گئے۔مکران سرکل میں بھی کیسکوٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے سرکل کے مختلف علاقوں میں نادہندگان کے26کنکشنزعدم ادائیگی پر منقطع کردئیے جبکہ نادہندگان سے بقایاجات کی مدمیں 20 لاکھ روپے کی ریکوری نیزڈٹیکشن کی مدمیں 72 ہزارروپے بھی وصول کئے گئے۔ واضح رہے کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے احکامات پر کیسکو ٹیمیں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کررہی ہے لہٰذاکیسکونے اپنے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ بقایاجات بھی اداکریں اور تمام صارفین بجلی کے غیر قانونی استعمال سے اجنتاب کریں اوربجلی چوروں کے خلاف قومی مہم میں کیسکوکا ساتھ دیں۔