کیسکو کی نادہندگان اور بجلی چوروں کے خلاف کارروائیاں، 61 کروڑ54لاکھ روپے وصول

96

کوئٹہ۔ 30 مئی (اے پی پی):الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کی صوبہ بھرمیں بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ا س سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی،سبی،خضداراور مکران آپریشن سرکلز میں نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی اور بجلی چوروں کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہیں جس میں مثبت پیش رفت سامنے آنے کے ساتھ ساتھ اس مہم کے مثبت اثرات باقاعدگی سے بجلی بلوں کی ادائیگی کرنے والے صارفین کو بہتروولیٹج کی صورت میں بھی مل رہاہے۔

کیسکوکی ٹیموں نے ماہ ستمبر سے اب تک صوبہ بھرمیں اس خصوصی مہم کے تحت بجلی میٹروں کو شنٹ اورمیٹر ریڈنگ سلوکرنے والے 25ہزار 375 گھریلو کنکشنز، 8ہزار 553 کمرشل کنکشن جبکہ 2ہزار545زرعی کنکشنزاور547صنعتی صارفین کے کنکشنز منقطع کرکے جرمانے عائد کردئیے، اس طرح مجموعی طورپراُنہیں ایک کروڑ27 لاکھ51 ہزاربجلی یونٹ ڈیٹیکشن کی مد میں چارج کیئے گئے جبکہ چارج شدہ بجلی یونٹس کی قیمت تقریباً65کروڑ92لاکھ 21ہزارروپے بنتی ہے جن میں سے کیسکونے اب تک61کروڑ54 لاکھ81ہزارروپے سے زائد رقم وصول بھی کرلئے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ خصوصی مہم کے دوران کیسکوٹیموں کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے صوبہ کے مختلف پولیس سٹیشنوں میں 6ہزار536 تحریری درخواستیں ارسال کر دی گئیں ہیں جن میں سے اب تک 607 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کی جا چکی ہیں۔علاوہ ازیں روزانہ کی بنیاد پر نادہندگان سے بجلی بلوں کی مدمیں بقایاجات کی وصولی کاعمل بھی تیزی سے جاری ہے اوراس سلسلے میں ماہ ستمبر سے اب تک صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی،سبی،خضداراور مکران آپریشن سرکلز میں بقایاجات کے حامل 2 لاکھ53ہزار نادہندہ صارفین سے تقریباً3 ارب76کروڑ58لاکھ 70ہزارروپے سے زائد رقم بھی وصول کرلئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات پر کیسکوٹیمیں صوبہ بھرکے تمام آپریشن سرکلز میں تمام بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کررہی ہیں لہٰذا کیسکونے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بجلی بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اپنے ذمہ بقایاجات بھی اداکریں تاکہ بعدمیں کنکشن منقطع ہونے یا مزید کسی بھی زحمت اور پریشانی سے بچاجاسکے نیز کیسکونے تمام صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ بجلی کے غیر قانونی استعمال سے گریز کریں اور اپنے اردگردبجلی چوروں کی نشاندہی کرکے اس قومی مہم میں کیسکوکے ساتھ تعاون کریں۔