کراچی۔ 02 اگست (اے پی پی):کیماڑی پولیس کےگولیمار کے علاقے میں گینگ وار کمانڈر کاشف سندھی کے منشیات کے اڈے پر چھاپےکے دوران فائرنگ کے تبادلہ میں عادل نامی ملزم مارا گیا۔
ایس ایس پی ضلع کیماڑی کیپٹن ریٹائرڈ فیضان علی نے جمعہ کے روز اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ ہلاک ملزم کاشف سندھی گروپ کا اہم ٹارگٹ کلر اور پولیس اہلکار کو شہید کرنے میں بھی ملوث تھا جس نے گزشتہ سالہ24اگست کو اپنے گروہ کے ساتھ فائرنگ کرکے پولیس اہلکار عادل کو شہید کیا تھا، پولیس اہلکار کی شہادت میں ملوث اور گروہ کا کارندہ عمران ٹیڈی پہلے ہی مارا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید ہمارا فخر ہیں انکا خوں رائیگاں نہیں جائیگا، ہلاک ملزم کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول اور 5گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ ملزم گینگ وار کاشف سندھی گروپ کا شوٹر اور اہم رکن تھا جو قتل اقدام قتل اور منشیات فروشی کے مقدمات میں پولیس کا مطلوب تھا۔