22.1 C
Islamabad
بدھ, اپریل 23, 2025
ہومتازہ ترینکیمرون میں او آئی سی کے جموں و کشمیر بارے رابطہ گروپ...

کیمرون میں او آئی سی کے جموں و کشمیر بارے رابطہ گروپ کا اجلاس، پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی نے کی

- Advertisement -

اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):جموں و کشمیر بارے او آئی سی کے رابطہ گروپ کا اجلاس کیمرون کے شہر یائونڈے میں او آئی سی کونسل آف وزرائے خارجہ کے 50 ویں اجلاس کے موقع پر منعقد ہوا،اجلاس کی صدارت سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طحہٰ نے کی،پاکستانی وفد سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی کی قیادت میں شریک ہوا ۔

جمعے کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ا براہیم طحہٰ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب، ترکی، نائیجر، آذربائیجان، او آئی سی کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن (آئی پی ایچ آر سی) اور کشمیری عوام کے حقیقی نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی نے کی۔ سیکرٹری خارجہ نے رابطہ گروپ کو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی اور زیر قبضہ جموں و کشمیر پر قبضے کو مستحکم کرنے کی بھارت کی کوششوں کا ذکر کیا جس میں دھمکی اور خوف کا ماحول پیدا کرنا بھی شامل ہے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اپنے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، کالعدم سیاسی جماعتوں پر سے پابندیاں اٹھائے، 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو منسوخ کرے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کروائے۔

رابطہ گروپ نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کیا جس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے جلد اور پرامن حل پر زور دیا گیا ہے۔

رابطہ گروپ نے متفقہ طور پر ایک مشترکہ اعلامیہ بھی منظور کیا جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام تنازعہ جموں و کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حتمی حل پر منحصر ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=498801

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں