آل کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کا دورہ کیا اور چیمبر کے نومنتخب عہدیداروں و کابینہ کو مبارکباد پیش کی
کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن وفد کی پشاور چیمبر آمد،تاجر وفد کی چیمبر کے نومنتخب عہدیداروں و کابینہ کو مبارکباد

مزید خبریں
پشاور۔ 06 اکتوبر (اے پی پی):آل کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کا دورہ کیا اور چیمبر کے نومنتخب عہدیداروں و کابینہ کو مبارکباد پیش کی۔آل کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اس موقع پر تاجر برادری اور خصوصاً دوا ساز صنعت و کیمسٹ سیکٹر کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا اور باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا گیا، وفد میں آل کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے سابق مرکزی صدر سراج، مبین خان، ناصر الدین اور اسلم پرویز شامل تھے۔ پشاور چیمبر پہنچنے پر نومنتخب صدر ملک انعام الرحمان، سینئر نائب صدر حاجی امجد خان، نائب صدر ہاشم خان نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر گروپ لیڈر و صدر تنظیم تاجران خیبر پختونخوا ملک مہر الٰہی اور ترجمان شہزاد احمد صدیقی بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران کمیسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے نومنتخب قیادت کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور اس امید کا اظہار کیا کہ نئی کابینہ چھوٹے تاجروں اور کیمسٹ برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا مؤثر اور بھرپور کردار ادا کرے گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق مرکزی صدر سراج اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ معاشی چیلنجز کے دور میں تاجر برادری کو بے شمار مشکلات کا سامنا ہے جن میں ادویات کی مسلسل فراہمی، ٹیکسیشن کے نفاذ اور حکومتی پالیسیوں سے پیدا ہونے والی پیچیدگیاں شامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز اور آل کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن کے مابین مضبوط اور فعال روابط وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ تاجروں کے مفادات کی نگہبانی کی جا سکے۔ پشاور چیمبر کے نومنتخب صدر ملک انعام الرحمان نے وفد کی آمد اور مبارکباد پر دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چیمبر تمام چھوٹے تاجروں اور کیمسٹ برادری کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی کابینہ کی اولین ترجیح تاجر برادری کی فلاح و بہبود اور ان کے جائز مطالبات کو ایوان بالا اور متعلقہ حکومتی ایوانوں تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادویات کی صنعت اور کیمسٹس کی مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اور دیگر سرکاری محکموں کے ساتھ مل کر حتمی اقدامات کیے جائیں گے۔








