فیصل آباد۔ 28 اگست (اے پی پی):محکمہ زراعت توسیع کے ڈپٹی ڈائریکٹرعدیل احمد نے کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے بتایا کہ کینولا اقسام میں پنجاب سرسوں منظور شدہ قسم ہے جسے پورے پنجاب میں 20ستمبر سے شروع ہوکر31 اکتوبر تک کاشت کیا جا سکتا ہے جبکہ زائد خریف کی فصلوں میں توریا اے کو 15ستمبر تک کاشت کرنا مفید ثابت ہو سکتا ہے نیز توریا اے، اوریا انمول زائد خریف کی فصلیں ہیں جبکہ پیلا رایا، سرسوں، ڈی جی ایل، چکوال رایا، خانپور رایا موسم ربیع کی فصلیں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تیل دار اجناس کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے انہیں بر وقت کاشت کرنا اور صحت مند و صاف ستھرے بیج کا استعمال بھی انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے ملک میں خوردنی تیل کی پیداوار بڑھانے اور اس کی برآمد کی شرح میں اضافہ سمیت زیادہ سے زیادہ زر مبادلہ حاصل کرنے کیلئے تیل دار اجناس کی کاشت کی ہدائت کی اور کہا کہ کاشتکار تیل دار اجناس کی منظور شدہ اقسام کاشت کر کے بھاری مالی فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے پالک کے کاشتکاروں کوبھی بہتر پیداوار کیلئے بروقت آبپاشی کی ہدایت کی اور کہا کہ کاشتکار آبپاشی میں کسی غفلت کامظاہرہ نہ کریں تاکہ انہیں پیداواری نقصان کاسامنا نہ کرناپڑے۔
انہوں نے کہاکہ کاشتکار پٹڑیوں پر کاشت کی ہوئی فصل کیلئے پانی کا وقفہ 6سے8دن اور ڈرل کے ذریعے کاشت کی ہوئی فصل کا وقفہ 10 سے 12 دن رکھیں نیز جب پودے 3،3پتے نکال لیں تو اس کے گچھے اکھاڑ دینے چاہئیں کیونکہ ایک جگہ زیادہ تعداد میں اگے ہوئے پودوں کی بڑھوتری متاثر اور پیداوار کم ہونے کاخدشہ رہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کاشتکاروں کو پودوں کی چھدرائی میں بھی تاخیر نہیں کرنی چاہیے کیونکہ دیر سے اکھاڑے جانے پر بچ جانے والے پودے بھی متاثر ہوتے ہیں۔