کینو کی شیلف لائف بڑھانے کیلئے اسے مخصوص درجہ حرارت پر رکھنا ضروری ہے،ماہرین

122
محکمہ زراعت پنجاب نے کینو کی برداشت وسنبھال بارے سفارشات جاری کر دیں

فیصل آباد۔ 27 نومبر (اے پی پی):سیڈ لیس کینو کی کم پیداوار کے باعث اس کی ویلیو ایڈیشن اور ایکسپورٹ بھی نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ کینو کو خراب ہونے سے بچانے اور شیلف لائف بڑھانے کیلئے مخصوص درجہ حرارت پر رکھنا ضروری ہے جبکہ میوٹیشن کے ذریعے تیار کئے جانیوالے لیس سیڈ کینو کا تجربہ بھی کامیاب رہا ہے تاہم کینو کی پیداوار کے تناسب سے اس کی برآمد بڑھانے کیلئے بھی ضروری اقدامات کرنا ہوں گے۔

سٹرس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین پوسٹ ہارویسٹ ٹیکنالوجی نے بتایاکہپاکستان میں سٹرس کی برآمد 2022-23میں 2394086ٹن اور پنجاب میں 2299077ٹن تھی جس میں 90فیصد سے زائد برآمدات کینو کی ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ2021-22میں 39380997 کلو گرام کینو پاکستان سے ایکسپورٹ کیا گیا۔ انہوں نے بتایاکہ سٹرس کی تمام فیملی جس میں کینو،فروٹر، مالٹا، مسمی، کھٹیاں شامل ہیں سے بننے والی پروڈکٹس ایک جیسی ہوتی ہیں جس میں جام اور مختلف قسم کے جوسز وغیرہ شامل ہیں جو اپنے ذائقے اور لذت و معیار کے باعث دنیا بھر میں بہت زیادہ پسند کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں کینو کی نئی ورائٹیز کی تیاری سمیت ان کی زیادہ سے زیادہ برآمد کیلئے بھی بھر پور اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سیڈ لیس کینو ایک بالکل نئی قسم ہے جو ابھی عام عوام میں پوری طرح متعارف نہیں ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ سیڈ لیس کینو کی دو اقسام ہیں جن میں سے ایک لیس سیڈ کینو کہلاتا ہے جس میں عام کینو میں موجود 20سے زائد کے برعکس صرف دو چار بیج ہی ہوتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ لیس سیڈ کینو نایاب ریسرچ سنٹر میں میو ٹیشن کے ذریعے تیار کیا جا رہا ہے جس میں ریڈی ایشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے باعث یہ آرٹیفیشل کینو کی نسل میں شمار کیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ کینو کی دوسری قسم سیڈ لیس ہے جس میں کوئی بیج نہیں ہوتا اور اس کے پودے سٹرس ریسرچ انسٹیٹیوٹ سرگودھا میں تیار کئے جا رہے ہیں جو بہت تھوڑی تعداد میں ہیں لہٰذا ان کی ویلیو ایڈیشن سمیت ایکسپورٹ بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

انہوں نے بتایاکہ کینو کی شیلف لائف بڑھانے اور اسے جلد خراب و بے ذائقہ ہونے سے بچانے کیلئے اسے کم از کم 4سے 5ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت پر سٹور رکھنا پڑتا ہے۔انہوں نے بتایاکہ کینو کو فروٹ فلائی سے بچانے کیلئے ریڈی ایشن ٹیکنالوجی استعمال کی جاتی ہے جس کے باعث اسے 90روز تک اصل حالت میں برقرار رکھا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایاکہ یہ ایک ہی قسم کا کینو ہوتا ہے جو ہر قسم کے موسم کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے تاہم یہ خریدار پر منحصر ہے کہ وہ کتنا پکا ہوا کینو لے گا مثلاً روس میں ہمارا بہت سارا کینو برآمد ہوتا ہے اور وہ تھوڑا کچا سبز اور سرخی مائل کینو درآمد کرتے ہیں۔