بارباڈوس۔27جون (اے پی پی):ویسٹ انڈیز کی ٹیم بارباڈوس ٹیسٹ ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن اپنی پہلی اننگز میں 190 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی ،آسٹریلیا نے میچ کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنالئے اور اس کو میزبان ٹیم کے خلاف 82 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی تھی۔
کینسنگٹن اوول، برج ٹاؤن، بارباڈوس میں جاری تین میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز ویسٹ انڈیز ٹیم نے اپنی پہلی ادھوری اننگز 57 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو برینڈن کنگ 23 اور کپتان روسٹن چیس ایک رن کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔برینڈن کنگ اپنے گزشتہ روز کے انفرادی سکور میں تین رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 26 رنز بناکر کلین بولڈ ہوگئے ،ان کو جوش ہیزلووڈنے اپنی گیند کا نشانہ بنایا،ان کے بعد کپتان روسٹن چیس 44 رنز بناکر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے،جسٹن گریوز4،شائی ہوپ48،سیمرجوزف8 اور جیڈن سیلز 2 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔الزاری جوزف 23 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔
یوں میزبان ٹیم آسٹریلوی اننگز کے سکور 180کے جواب میں 10 رنز کی برتری کے ساتھ 190 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔آسٹریلیا کی طرف سے مچل سٹارک نے تین، پیٹ کمنز،جوش ہیزلووڈ اور بیو ویبسٹر نے دو، دو کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا۔نیتھن لیون نے ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں آسٹریلیا کی جانب سے ثام کونسٹاس اور عثمان خواجہ نے ایک مرتبہ پھر مایوس کن آغاز فراہم کیا۔ ثام کونسٹاس 5 اور عثمان خواجہ 15 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،جوش انگلیس 12 اور کیمرون گرین 15 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔
میچ کے دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنالئے تھے اور اس کو ویسٹ انڈیز کے خلاف 82 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی تھی۔ ٹراوس ہیڈ 13 اور بیو ویبسٹر 19 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز،شمر جوزف،الزاری جوزف اور جسٹن گریوزنے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔