نیروبی۔22نومبر (اے پی پی):کینیا کے صدر ولیم روٹو نے اعلان کیا کہ انہوں نے بھارت کے اڈانی گروپ کے سربراہ گوتم اڈانی پر امریکا میں فرد جرم عائد ہونے کے بعد اڈانی گروپ کو ملک کے مرکزی ہوائی اڈے کا کنٹرول دینے کے کاروباری معاہدے کو منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے نیزکینیا کی حکومت نے اڈانی کے ساتھ توانائی کے سودے بھی منسوخ کر دیئے ہیں۔ جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق کینیا کے صدر نے گزشتہ روز قوم سے خطاب میں کہا کہ یہ فیصلہ ہماری تحقیقاتی ایجنسیوں اور شراکت دار ممالک کی طرف سے فراہم کردہ نئی معلومات کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے وزارت ٹرانسپورٹ اور وزارت توانائی اور پٹرولیم کی ایجنسیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جاری خریداری کو فوری طور پر معطل کر دیں۔
معاہدے کے تحت اڈانی گروپ کو ایک اضافی رن وے اور ٹرمینل تعمیر کرنے کے عوض ہوائی اڈے کو 30 سال تک چلانے کے حقوق حاصل ہونا تھے۔ اس مجوزہ ڈیل کو بڑے پیمانے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اس سلسلے میں اڈانی مخالف مظاہرےبھی ہوئے تھے۔ ہوائی اڈے کے کارکنوں نے ہڑتال کردی تھی۔ کارکنان کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے نتیجے میں کام کے حالات مزید خراب ہوں گے اور بعض صورتوں میں ملازمتوں کا نقصان ہو گا۔ کینیا کے صدر کے اعلان پر ان کے خطاب کے دوران پارلیمنٹ میں موجود قانون سازوں نے تالیاں بجائیں ۔ اڈانی گروپ کی ایک فرم نے علیحدہ پراجیکٹ کے لئے پاور ٹرانسمیشن لائنوں کی تعمیر کے لئے گزشتہ ماہ وزارت توانائی کے ساتھ 30 سالہ، 736 ملین ڈالر کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ معاہدے پر دستخط کئے تھے۔کینیا کے وزیر توانائی کے وزیر اوپیو ونڈائی نے گزشتہ روز پارلیمانی کمیٹی کو بتایا کہ اس معاہدے پر دستخط کرنے میں کینیا کی طرف سے کوئی رشوت یا بدعنوانی کا عنصر شامل نہیں تھا۔
اڈانی گروپ کے نمائندوں نے فوری طور پر تبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔امریکا کی طرف سے گوتم اڈانی پر فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد اڈانی گروپ کے بیشتر بانڈز اور سٹاک میں دوسرے دن بھی گراوٹ دیکھی گئی۔ رشوت ستانی کے معاملے میں مبینہ ملوث مرکزی کمپنی اڈانی گرین انرجی کو سب سے زیادہ نقصان ہوا۔ اس کے شیئرز میں 8.6 فیصد کی کمی آئی جبکہ اڈانی انرجی کے شیئرز پانچ اعشاریہ چھ فیصد گر گئے۔ گلوبل ریٹنگز کمپنی ایس اینڈ پی نے فنڈنگ تک رسائی کے خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے اڈانی گروپ کی ریٹنگ جمعے کو مستحکم سے منفی کردی۔واضح رہے کہ بھارت کے اڈانی گروپ کے سربراہ گوتم اڈانی اور ان کے متعدد ساتھیوں پر امریکا میں شمسی توانائی کے منصوبوں کے ٹھیکے حاصل کرنے کے لئے 25 کروڑ ڈالر رشوت دینے کی فرد جرم عائد کر کے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=528207