34.9 C
Islamabad
منگل, مئی 20, 2025
ہومبین الاقوامی خبریںکینیڈا، برطانیہ اور فرانس کی حکومتوں کی غزہ میں اسرائیل کی فوجی...

کینیڈا، برطانیہ اور فرانس کی حکومتوں کی غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں میں توسیع کی شدید مخالفت ، اسرائیل کے خلاف ’’ٹھوس اقدامات‘‘کی وارننگ

- Advertisement -

اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):کینیڈا، برطانیہ اور فرانس کی حکومتوں نے غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں اور مغربی کنارے میں یہودی بستوں کی تعمیر میں توسیع کی شدید مخالفت کی ہے اور جوابی اقدام کے طور پر اسرائیل کے خلاف ہدفی پابندیاں عائد کرنے سمیت ’’ٹھوس اقدامات‘‘ کرنے کی وارننگ دی ہے۔ کینیڈا، برطانیہ اور فرانس کی حکومتوں کی طرف سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل یہودی بستیوں کی تعمیر روک دے کیونکہ یہ غیر قانونی ہیں اور فلسطینی ریاست کی بقا کے ساتھ ساتھ اسرائیلی اور فلسطینی شہریوں کی سلامتی کے لئے خطرات کا باعث ہے۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ تینوں ممالک نے یہودی بستیوں کی تعمیر کو مغربی کنارے تک توسیع دینے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کی ہے۔مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں میں توسیع کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔ غزہ میں انسانی مصائب کی سطح ناقابل برداشت ہے۔ اسرائیل کی طرف سے گزشتہ روز کیا گیا یہ اعلان کہ غزہ میں صرف انتہائی ضروری مقدار میں خوراک لے جانے کی اجازت دی جائے گی، مکمل طور پر ناکافی ہے۔

- Advertisement -

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ غزہ میں اپنی فوجی کارروائیاں بند کرے اور فوری طور پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھیجی گئی امداد کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دے، اس میں اقوام متحدہ کے اداروں کے ساتھ تعاون بھی شامل ہے تاکہ انسانی ہمدردی کے اصولوں کے مطابق غزہ میں امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ کینیڈا ، فرانس اور برطانیہ کی حکومتوں کی طرف سے جاری مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے غزہ کی شہری آبادی کو ضروری انسانی امداد کی فراہمی کی اجازت دینے سے انکار ناقابل قبول ہے اور اس سے بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کا خطرہ ہے ۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم اسرائیلی حکومت کےعہدیداروں کی جانب سے حال ہی میں استعمال کی جانے والی نفرت انگیز زبان کی مذمت کرتے ہیں جس میں دی گئی دھمکی کے مطابق غزہ کی تباہی پر مایوسی کے عالم میں،غزہ کے مکین وہاں سے نقل مکانی شروع کر دیں گے۔ جبری طور پر کسی کو اس کے گھر سے مستقلاً بے دخل کرنا بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ ہم اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی حکومت کی طرف سے ان گھناؤنی کارروائیوں کو جاری رکھنے پر خاموش تماشائی نہیں رہیں گے۔

اگر اسرائیل نے غزہ میں نئے سرے سے شروع کی جانے والی فوجی کارروائیوں اور حملوں کو بند نہ کیا اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھیجی گئی امداد کو غزہ پہنچانے پر عائد پابندیاں ختم نہ کیں تو ہم اس کے جواب میں ٹھوس اقدامات کریں گے۔ مشترکہ بیان میں مزید کہا گیا کہ اور ہم مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے حصول کے لئے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور اس مقصد کے لئے دوسروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599253

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں