اوٹاوا۔15اگست (اے پی پی):اوٹاوا میں پاکستانی ہائی کمیشن اور ٹورنٹو، وینکوور اور مونٹریال کے تینوں قونصل خانوں میں پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر قائم مقام ہائی کمشنر فیصل کاکڑ نے قومی ترانے کے ساتھ قومی پرچم لہرایا۔ تقریب میں پاکستانی نژاد کینیڈین شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پرقائم مقام ہائی کمشنر فیصل کاکڑ نے یوم آزادی کے دن کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی، پاکستانی کینیڈین کمیونٹی کے تعاون کا اعتراف کیا اور انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے کئے جانے والے حالیہ اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے پاکستانی تارکین وطن کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے کوششوں کو دوگنا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف چیلنجز اور مشکلات کے باوجود پاکستان نے گزشتہ برسوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ دن پاکستانی قوم کے جذبے اور استقامت کی علامت ہے جو ہمیں ہمارے آباؤ اجداد کی جدوجہد آزادی میں دی گئی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ یہ آزادی کے نظریات کو برقرار رکھنے کی ہماری ذمہ داری کو اجاگر کرتا ہے اور ترقی، خوشحالی اور قومی اتحاد کی طرف ہمارے اجتماعی سفر کی نشاندہی کرتا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری کی توجہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم کشمیری عوام کی حالت زار کی طرف مبذول کرائی اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی جائز جدوجہد پر پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ عوامی سطح پر مضبوط تعلقات کے ساتھ کینیڈا اور پاکستان دیرینہ شراکت دار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا میں 50 لاکھ سے زیادہ پاکستانی نژاد کینیڈین آباد ہیں جو کینیڈا کو مزید خوشحال اور متنوع ملک بنانے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ تقریب میں یوم آزادی کیک بھی کاٹا گیا ۔ علاوہ ازیں پاکستانی تارکین وطن نے بھی ملک کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر متعدد تقریبات کا انعقاد کیا۔