اسلام آباد۔1جنوری (اے پی پی):کینیڈا میں پاکستان کے قونصل جنرل عبدالحمید نے کہاہے کہ کینیڈا کے ساتھ پاکستان کے مضبوط دوطرفہ اور سیاسی تعلقات کی وجہ سے گزشتہ سال کے پہلے 9 مہینوں میں کینیڈا کے لئے برآمدات میں 32 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام آن لائن پبلک فورم / کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
کینیڈا میں پاکستان کے چارج ڈی افیئرز شہباز ملک، قونصل جنرل آف پاکستان وینکوور جانباز خان اور مونٹریال کے قونصل جنرل اشتیاق احمد عقیل نے بھی آن لائن فورم سے خطاب کیا۔عبدالحمید نے کینیڈا اور شمالی امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کو قونصلر خدمات کی فوری فراہمی میں مکمل تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان سفارتی، سیاسی، تعلیمی اور تجارتی مصروفیات اور تبادلوں پر بھی روشنی ڈالی ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں کینیڈا میں پاکستانی طلباء کے لیے دوطرفہ تعلیمی روابط اور تعلیمی مواقع کے فروغ کو بھی ایک نئی تحریک ملی ہے، اور پہلے ہی گزشتہ 40 دنوں میں دو اچھی ویبینرز کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں تبادلہ خیال اور تبادلوں کو آگے بڑھانے کے مواقع تلاش کیے جا چکے ہیں۔
آن لائن فورم کے دوران مختلف ایشوز پر توجہ مبذول کرائی گئی جن میں عام انتخابات 2023 میں سمندر پار پاکستانیوں کی ووٹنگ، پاکستان میں اراضی کی منتقلی کے لیے پاور آف اٹارنی، سمندر پار پاکستانیوں کے سیونگ سرٹیفکیٹس کی انکیشمنٹ اور سابق سرکاری ملازمین کے بڑھاپے کے فوائد شامل ہیں۔