لاہور۔1جون (اے پی پی):کینیڈین کمپنی کی میری برانز چکن فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کی پہلی برانچ لاہور میں کھل گئی،صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ڈیفنس میں پہلی برانچ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔اس سلسلہ میں منعقدہ تقریب میںپاکستان میں کینیڈا کے ایکٹنگ ہائی کمشنر مسٹر ڈینیل آرسینلٹ،چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ منتہی اشرف،کینڈین کمپنی حکام اور صنعتکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وکینیڈا کے مابین تجارتی اور معاشی تعاون بڑھانا وقت کی ضرورت ہے،پنجاب سے سرمایہ کاروں کا وفد جولائی میں کینیڈا میں ہونے والی بزنس انویسٹمنٹ کانفرنس میں شرکت کرے گا۔انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں پنجاب کے صنعتکاروں کی شرکت سے دونوں ممالک میں نئے تجارتی سفر کا آغاز ہوگا۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع اور سازگار ماحول موجود ہے، چین سمیت دیگر غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں پنجاب میں تیزی سے سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کے حالیہ دورے کے دوران بڑے سرمایہ کار گروپوں سے سود مند ملاقاتیں ہوئی ہیں اور چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کینیڈا کی کمپنی کو پنجاب میں اپنی پہلی برانچ کھولنے پر مبارکباد دیتا ہوں،کینڈین کمپنی پنجاب میں اپنے کاروبار کو مزید وسعت دے،پنجاب میں سرمایہ کاری آنے سے روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔صوبائی وزیر نے کہاکہ کینیڈین سرمایہ کاروں کو پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں،کینڈین سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کریں،ہر ممکن سہولت دیں گے۔
اس موقع پر کینیڈین کمپنی حکام کا کہنا تھا کہ ہماری کمپنی کی کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں 300 سو سے زائد برانچیں اور لاہور کے علاقے ڈیفنس میں کمپنی کی پہلی برانچ قائم کی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603946