کیوی بلے باز فن ایلن نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں زیادہ چھکوں کا ورلڈ ریکارڈ برابر کردیا

133
کیوی بلے باز فن ایلن نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں زیادہ چھکوں کا ورلڈ ریکارڈ برابر کردیا

ڈونیڈن۔17جنوری (اے پی پی):نیوزی لینڈ کے اوپننگ بلے باز فن ایلن نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں 16 چھکوں کا ورلڈ ریکارڈ برابر کردیا۔

بدھ کو ڈونیڈن میں پاکستان کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں فن ایلن نے شاندار سنچری سکور کرکے نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا بلکہ ٹی ٹونٹی میچ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ورلڈ ریکارڈ بھی برابر کردیا، فن ایلن نے 62 بالوں پر 137 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جس میں 16 چھکے شامل ہیں،

ان سے قبل افغانستان کے جارح مزاج بیٹر حضرت اللہ زازئی نے 2019ء میں آئرلینڈ کے خلاف 16 چھکے لگانے کا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا۔ ایلن نے تیسرے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کے فاسٹ بائولر حارث رئوف کو 14 بالوں پر 6 چھکے لگائے جبکہ اس سے قبل صرف تین بیٹرز نے کسی ایک بائولر کو میچ میں 6 چھکے لگانے کا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔

فن ایلن نے 137 رنز کی اننگز کھیلی جو نیوزی لینڈ کے کسی بھی بیٹر کی طرف سے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں سب سے بڑی اننگز ہے جبکہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں مشترکہ طور پر پانچویں بڑی اننگز ہے۔

فن ایلن ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے والے تیسرے بیٹر بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے 611 بالوں پر 1000 رنز مکمل کئے۔ بھارت کے سوریا کمار یادیو 573 بالوں پر ایک ہزار رنز بنانے والے دنیا کے تیز ترین بلے باز ہیں۔