اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کیپٹن محمد سرور شہید (نشان حیدر) کو ان کی 77ویں برسی کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے 1948 میں اوڑی سیکٹر میں مادرِ وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کر کے جرات، قربانی اور بہادری کی ایک لازوال تاریخ رقم کی۔
یہاں جاری بیان کے مطابق سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہید کیپٹن محمد سرور نے جرات و بہادری کی لازوال تاریخ رقم کی،قوم اپنے اس نڈر ہیرو کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء قوم کے محسن اور اصل ہیرو ہوتے ہیں اور زندہ قومیں اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے کیونکہ انہی کی بدولت آج ہم آزادی کی فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے ان بہادر سپوتوں پر فخر ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن کی سرحدوں کا دفاع کیا۔