کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے 26 ویں یوم شہادت پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا قوم کے عظیم بیٹے کو سلام

38
Captain Colonel Sher Khan martyred
Captain Colonel Sher Khan martyred

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے 26 ویں یوم شہادت پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قوم کے عظیم بیٹے کو سلام پیش کیا اور کہا کہ کارگل کے سنگلاخ پہاڑ آج بھی کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی جرات و بہادری کے گواہ ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان پاکستان کا وہ شیر تھا جس نے معرکہ کارگل میں دشمن پر لرزہ طاری کر دیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آہنی دیوار بن کر دشمن کا بھرپور مقابلہ کرنے والا قوم کا دلیر سپاہی آج بھی دلوں میں زندہ ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے وطن عزیز پر جان نچھاور کرکے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیئے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان کا جذبہ شہادت بہادری اور شجاعت کی نئی تاریخ رقم کر گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہداء کی وارث قوم کا ہر بیٹا کیپٹن کرنل شیر خان شہید جیسے جذبے سے سرشار ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان دشمن کی صفوں میں خوف اور اپنی صفوں میں ولولہ بن کر آج بھی زندہ ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید جیسے بہادر جوانوں کے ہوتے ہوئے دشمن وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جرات و بہادری کے عظیم سپوت کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔