اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):کیڈٹ کالج حسن ابدال اور وزارتِ آئی ٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں ، اس معاہدہ کے تحت وزارتِ آئی ٹی اساتذہ کی تربیت، طلباء کی نشوونما اور سائبر سکیورٹی میں تعاون، ہائی سپیڈ انٹرنیٹ، کیمپس وائی فائی اور سمارٹ کلاس رومز کی فراہمی یقینی بنائے گی۔
بدھ کو وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سے جاری بیان کے مطابق معاہدے کا مقصد ڈیجیٹل نیشنل وژن اور سی سی ایچ وژن 2030 کی تکمیل ہے، وزارتِ آئی ٹی اساتذہ کی تربیت، طلباء کی نشوونما اور سائبر سکیورٹی میں تعاون، ہائی سپیڈ انٹرنیٹ، کیمپس وائی فائی اور سمارٹ کلاس رومز کی فراہمی یقینی بنائے گی۔
اساتذہ کے لئے گوگل ورک سپیس، ایم ایس 365 اور اے آئی اِن ایجوکیشن سرٹیفکیشن پروگرامز جبکہ طلباء کے لئے کوڈنگ، روبوٹکس، سائبر سکیورٹی اور بلاک چین بُوٹ کیمپس منعقد ہوں گے۔معاہدے میں سائبر سکیورٹی اور ڈیٹا پرائیویسی پر خصوصی زور دیا گیا ۔ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شز ہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے زندگی کو بدل دیا ہے، نوجوانوں کو عالمی ڈیجیٹل مہارتوں سے لیس کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، انٹرنیٹ رسائی، ڈیجیٹل لٹریسی اور اے آئی، سائبر سکیورٹی و کوڈنگ کی تربیت پر توجہ مرکوز ہے۔