گلگت۔15مئی (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں انفیکشیئس ویسٹ مینجمنٹ (Infectious waste Management)پر آگاہی سیشن کاانعقاد کیاگیا۔سیشن کا مقصدطلبہ کو محفوظ ماحول برقرار رکھنے اور مناسب انداز میں انفیکشیئس ویسٹ تلف کرنے کی تکنیکوں کے ذریعے اپنے آپ سمیت خاندان کو انفیکشن سے بچانے کے بارے میں تعلیم دینا تھا۔کے آئی یوشعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیشن کے اختتامی تقریب میں کے آئی یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ اور کمشنر گلگت سردار اسد ہارون نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اپنے خطاب میں وائس چانسلر اور کمشنر گلگت نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ با لخصوص انفیکشیئس ویسٹ مینجمنٹ کی اہم اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کے خطرناک مواد کو غلط طریقے سے ہینڈل کرنا صحت عامہ کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے،جس سے کمیونٹی میں خطرناک بیماریاں پھیلنے کا امکان ہے۔انہوں نے قراقرم سوسائٹی آف مائیکرو بایولوجی شعبہ انیمل سائنسز کی طرف سے اس طرح کے ایک اہم اور متعلقہ مسئلے پر سیشن منعقد کرنے کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے علاقے میں بیداری پیدا کرنے اور ذمہ دارانہ طریقوں کو فروغ دینے میں شعبے کی کوششوں کو سراہا۔
ان سے قبل شعبہ اینمل سائنسز کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثمینہ ممتاز ودیگر مقررین نے صحت مند کمیونٹی کو فروغ دینے میں کردار پر زور دیااورسیشن کو آگاہی بڑھانے کے لیے معاون قرار دیا۔سیشن کا انعقاد شعبہ انیمل سائنسز نے قراقرم سوسائٹی آف مائیکرو بیالوجی نے کیاتھا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597501