گلگت۔16فروری (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی نے ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلے کے لیے این ٹی ایس طرز کے انٹری ٹیسٹ کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کردیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق انٹری ٹیسٹ میں گلگت بلتستان اور دیگر علاقوں سے بڑی تعداد میں مختلف شعبوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند امیدواروں نے شرکت کی۔پی ایچ ڈی اور ایم ایس کے مختلف پروگراموں میں داخلوں کے لیے ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے دوران ڈائریکٹر کوارڈنیشن محمد عارف،ڈائریکٹر قراقرم گریجویٹ سکول ڈاکٹر اسد اللہ نے سینئرانتظامی وتدریسی آفیسران کے ہمراہ انٹری ٹیسٹ سنٹر کادورہ کیا۔
قراقرم گریجویٹ سکول کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اسداللہ نے انٹری ٹیسٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ صرف وہ امیدوار منتخب کیے جائیں جو اعلیٰ تعلیم کے لیے بہترین قابلیت رکھتے ہوں۔یہ انٹری ٹیسٹ ہمارے تعلیمی انتخابی عمل کا ایک لازمی حصہ ہے جو یہ یقینی بناتا ہے کہ ہم وہ طلباء داخل کریں جو ہمارے اعلیٰ تعلیمی پروگرامز میں کامیاب ہونے کی صلاحیت رکھتے ہوں اور اپنے شعبے میں معنی خیز کردار ادا کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ کے آئی یو کے ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز مختلف شعبوں میں خصوصی تعلیم فراہم کرتی ہے جن میں نیچرل سائنسز، ہیومینیٹیز شامل ہیں۔
جو اس یونیورسٹی کو علاقے میں تعلیمی مرکز بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انٹری ٹیسٹ کے نتائج جلد ہی اعلان کیے جائیں گے اور کامیاب امیدواروں کی حتمی داخلہ کی تصدیق کی جائے گی۔کامیاب انٹری ٹیسٹ کے انعقاد پر وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے ڈائریکٹر قراقرم گریجویٹ سکول اور اس کی پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہاکہ کے آئی یو اپنے تعلیمی معیار کو بلند رکھنے اور گلگت بلتستان میں تحقیق اور جدت کو فروغ دینے کے لیے پُر عزم ہے۔ یہ انٹری ٹیسٹ یونیورسٹی کے اس عزم کا حصہ ہے کہ وہ ایسے ہنر مند اور تعلیم یافتہ افراد پیدا کرے جو علاقے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں۔