اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):کے الیکٹرک نے ایک اور سنگ میل حاصل کر لیا ، پاکستان کے پہلے 220 میگاواٹ سولر ونڈ آر ای پراجیکٹ نے 7 بولیاں حاصل کر لی ہیں ، کے الیکٹرک کے 370 میگاواٹ کے منصوبوں کو اب تک 2690 میگاواٹ کی آفرز موصول ہوئی ہیں۔پاکستان کی واحد پرائیویٹ الیکٹرک یوٹیلیٹی اپنے جنریشن مکس میں قابل تجدید توانائی کو شامل کرکے اپنی شمسی صلاحیت کو دگنا کرنے کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک نے منگل کو بتایا کہ اس ماہ کے شروع میں بلوچستان میں 150 میگاواٹ کے سولر پاور پراجیکٹس کے لیے کل 15 بولیوں کے بعد کے ای نے دھابیجی، سندھ میں اپنے 220 میگاواٹ سائٹ نیوٹرل ہائبرڈ پروجیکٹ کے لیے7 بولیاں حاصل کرکے ایک اور پیش رفت کی ہے۔
یہ منصوبہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جس نے مؤثر آپریشنل اور مالیاتی کارکردگی کے لیے شمسی اور ہوا کی توانائی کو مربوط کیا ہے،ان منفرد پہلوؤں کی بنا پر یہ پراجیکٹ تکنیکی طور پر بھی زیادہ چیلنجنگ سمجھا جاتا ہے لہذا قابل تجدید توانائی کی طرف منتقلی میں اس پراجیکٹ میں سرمایہ کاروں کی زبردست دلچسپی ایک اور شاندار کامیابی ہے۔ 220 میگاواٹ کا یہ منصوبہ کے ای کے عزائم کے پہلے مرحلے کا حصہ ہے،یہ قابل تجدید منصوبے نیپرا کے وژن اور قابل تجدید ذرائع کو شامل کرنے، پیداواری لاگت کو کم کرنے اور مہنگے درآمدی ایندھن کے ذرائع کو بتدریج ختم کرنے کی ہدایات سے ہم آہنگ ہیں۔
ٹینڈرز کی صلاحیت پہلے ہی کے ای کے پاور ایکوزیشن پروگرام (PAP) میں شامل کی جا چکی ہے جو 2023 کے اوائل میں نیپرا کو جمع کرائی گئی تھی اور یہ یوٹیلیٹی کی طویل مدتی حکمت عملی کے لیے بنیاد کے طور پر کام کرے گی تاکہ جنریشن مکس میں قابل تجدید ذرائع کو ضم کیا جا سکے۔ کراچی میں مزید دو منصوبے دیہہ ہلکانی میں 120 میگاواٹ کے منصوبے اور دیہہ میٹھا گھر میں 150 میگاواٹ کے منصوبے کی آخری تاریخ ستمبر 2024 کے آخر تک مقرر ہے جس کے لیے پہلے سے ہی پری کوالیفکیشن کر لی گئی ہے۔
اس کامیابی کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا کہ اب تک کے الیکٹرک کے بلوچستان میں وندر اور بیلہ میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں اور دھابیجی، سندھ میں حالیہ منصوبے، جن کی مجموعی صلاحیت 370 میگاواٹ ہے، نے 2690 میگاواٹ کی پیشکشیں حاصل کی ہیں۔
سائٹ نیوٹرل ہائبرڈ پروجیکٹ ہمارے سنگ میلوں کے تسلسل میں ہے اور کے الیکٹرک پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کے ساتھ ساتھ پاکستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کی گواہی دیتا ہے،اس پورے عمل میں مسلسل تعاون کے لیے ہم نیپرا کے ممنون ہیں،ہم ان تمام سرمایہ کاروں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ کرتے ہیں جو توانائی کی حفاظت کو مضبوط بنانے کے لیے یکساں وژن اور عزم کا ادراک رکھتے ہیں جو کہ معاشی بحالی اور نجکاری کے عمل میں اعتماد کا ثبوت ہے۔