کراچی۔ 30 مئی (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی)نے اپنی لیبارٹری کا آغاز کردیا ہے جس میں مختلف امراض سے متعلق 150 سے زائد ٹیسٹ ہوسکیں گے، لیب میں آکر ٹیسٹ کرانے کے ساتھ ساتھ مریضوں کو یہ سہولت بھی فراہم کی گئی ہے کہ وہ گھر بیٹھے بھی اس لیبارٹری سے ٹیسٹ کرواسکیں گے۔
جمعرات کو جاری اعلامیہ میں میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کی عوام کے لئے اس لیبارٹری میں ٹیسٹ کے چارجز دوسری لیبارٹریز کی نسبت 45 فیصد کم رکھے گئے ہیں تاکہ غریب اور متوسط طبقے کے افراد اپنے علاج معالجے کے سلسلے میں اس لیبارٹری سے ٹیسٹ کروا سکیں اور شہری چاہیں تو آن لائن بھی اپنے ٹیسٹ بک کرواسکتے ہیں، یہ لیبارٹری سرفراز رفیقی شہید ہسپتال نیو چالی میں قائم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی جیسے شہر میں کم چارجز میں طبی ٹیسٹ کرنے والی لیبارٹریز کی ضرورت ہے کیونکہ اب طریقہ علاج تبدیل ہوچکا ہے اور کسی بھی مریض کے علاج سے پہلے لیبارٹری سے مختلف ٹیسٹ کروائے جاتے ہیں تاکہ مرض کی تشخیص ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمی کراچی اپنے 14 بڑے ہسپتالوں کی اپ گریڈ کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ عباسی شہید ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ، چلڈرن وارڈ اور گائنی وارڈ کو اپ گریڈ کیا جاچکا ہے،
اسی طرح اسپنسر آئی اسپتال میں آنکھوں کے جدید مشینری کے ذریعے ٹیسٹ کا آغاز کیا چکا ہے، آپریشن تھیٹر کو بحال کردیا گیا ہے، کے آئی ایچ ڈی میں بلیو کوڈ انتہائی نگہداشت کا وارڈ بنایا گیا ہے جہاں دل کے امراض میں مبتلا افراد کو فوری طبی امداد جدید تقاضوں کے ذریعے فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے طلبا و طالبات کے لئےہسپتال کے احاطے میں موجود نرسنگ سکول کو فعال کردیا گیا ہے اور اس وقت 140بچے فیس دے کر اور 130بچےمیرٹ پر مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ کے ایم سی کےہسپتالوں میں ایمبولینسز کے مسئلے کو 1122کی ایمبولینسز کے ذریعے حل کیا ہے اور ہسپتال میں اس وقت بھی 1122 کی ایمبولینسز موجود ہیں، ہسپتال کے قریب سے گزرنے والی سڑک کو تعمیر کیا ہے اور سٹریٹ لائٹس کو درست کیا گیا ہے۔اس ہسپتال کے اطراف میں حالات مختلف اور بہتر نظر آرہے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کا یہ وژن ہے کہ عوام کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات مہیا کی جائیں خصوصا غریب و متوسط طبقے کو حکومت سندھ علاج معالجے کی مفت طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔