کے پی ٹیوٹا اور کے پی آر ای ٹی پی کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط

93

پشاور۔ 05 دسمبر (اے پی پی):وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برا ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی اور خیبر پختونخوا رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ کے باہمی شراکتداری کے تحت سکل ڈیویلپمنٹ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر 115 بلین روپے خرچ کئے جائیں گے، خیبر پختونخوا کے مرد و خواتین تربیت یافتہ 42 ہزار نوجوانوں کو تربیت کی تکمیل کے بعد 300 ڈالرز تک گرانٹ دیا جائے گا، پروگرام کے تحت 60 ہزار نوجوانوں کو تربیت، 25 ہزار نوجوانوں کو انٹرنشپ اور انڈسٹری میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام میں خیبرپختونخوا کے دیہی علاقوں اور ضم اضلاع کے نوجوان مرد اور خواتین کو خصوصی مواقع کی فراہمی کے بعد گرانٹس دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ نوجوانوں کو اپنے روزگار شروع کرنے کے لیے گرانٹس کی فراہمی کے علاوہ انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو تیار کرنا اور بیرون ملک روزگار کے حصول کو یقینی بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ کے پی ٹیوٹا دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق منتخب شدہ نوجوانوں کو تربیت فراہم کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے پی ٹیوٹا اور کے پی آر ای ٹی پی کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ معاونین خصوصی طفیل انجم اور سیکرٹری انڈسٹریز وہ ٹیکنیکل ایجوکیشن عامر کی موجودگی میں ایم ڈی کے پی ٹیوٹا ملک منصور قیصر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کے پی آر ای ٹی پی عارف اللہ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ یہ پروگرام آئی ایف اے ڈی کے مالی معاونت سے مکمل کیا جائے گا۔ معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے آئی ایف اے ڈی کے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت اس پروگرام کو کامیاب بنانے اور اس کے ثمرات گراس روٹ لیول تک پہنچانے کے لیے بھرپور سپورٹ فراہم کرے گی انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے اور ہنر مہیا کرنے کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے

اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گڈاپور کی خصوصی ہدایت پر نوجوانوں کو انٹرسٹ فری لون اور گرانٹس فراہم کئے جا رہے ہیں اور اس قسم کے پروگرامز کی ہر فورم، ہر گھر اور ہر نوجوان تک رسائی کے لئے خصوصی تشہیری مہم بھی شروع کی جائےگی۔ تاکہ تمام نوجوان اس پروگرام سے باخبر رہیں اور اس تمام عمل میں میرٹ و شفافیت پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ ہنر مند اور قابل بچوں کو آگے آنے کے مواقع مل سکیں

انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن میں اس وقت سرکاری اداروں سے 37 ہزار، نجی ٹیکنیکل اداروں سے 36 ہزار نوجوان فارغ التحصیل ہیں اور پہلے فیز میں ہم نے 19ہزار مرد و خواتین کو ٹارگٹ کیا ہے جن کو اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے 806 لوگوں کو تربیت فراہم کی گئی ہے جبکہ ابھی تک 312 درخواستیں گرانٹس کے لئے موصول ہو چکی ہے۔ درخواستوں کی وصولی اور جانچ پڑتال کے لیے کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔

دریں اثناء معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم اور آئی ایف اے ڈی کی ٹیم نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹیچرز ٹریننگ کالج خیات آباد کا معائنہ بھی کیا اور جاری تربیتی پروگرامز اور کالج کے مختلف سیکشنز اور لیبارٹریوں کا جائزہ لیا۔ طلبہ و طالبات کے جاری تربیتی پروگرامز میں شرکت کی اور ان سے سوالات کئے طفیل انجم نے الیکٹریشن، جیمالوجی ،ڈریس میکنگ، بیوٹیشن، مکینیکل اور دیگر ٹیکنالوجیز کی لیبارٹریز دیکھی اور موجودہ سہولیات پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات بشمول اساتذہ کو بھی تربیت کی فراہمی کا عمل جاری رہے گا۔ تاکہ تربیت یافتہ ہنر مند تیار کئے جا سکیں۔