لاہور۔18اگست (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھائیں گے تو بچے چیخیں تو ماریں گے، خیبرپختونخوا میں سرکاری فنڈز کے حصے بانٹنے پر لڑائیاں ہو رہی ہیں، علی امین گنڈاپور کی کابینہ کو اپنی اپنی جیبیں بھرنے کی فکر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روزبیرسٹر سیف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔عظمی بخاری نے کہا کہ حقیقت تو یہی ہے کہ علی امین گنڈاپور سے صوبہ نہیں چل رہا،جو جماعت دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگاتی ہے، ان کے وزراء اپنے ہی وزیر اعلی کو چور اور کرپٹ قرار دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے بارے میں مشہور تھا کہ یہ کھاتا بھی ہے ،کھلاتا بھی ہے لیکن لگاتا نہیں، علی امین گنڈاپور بالکل اپنے لیڈر کے نقش قدم پر نہیں چل رہے ،وہ اکیلے ہی کھا رہے ہیں لیکن کابینہ کو نہیں کھلا رہے۔انہوں نے کہا کہ اسی بات کی لڑائیاں ٹاک شو اور پریس کانفرنسز تک پہنچ گئی ہیں،
یہ لوگ پختونوں کی قسمت بدلنے آئے تھے۔عظمی بخاری نے کہا کہ مجھے حیرت ہوتی اور ہنسی بھی آتی ہے کون بیوقوف اور ذہنی مریض ہیں جو ان سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ جو ہیرے اور گوہر نایاب عمران اور بزدار کی کابینہ میں تھے، ایسے ہی ہیرے گنڈاپور کی کابینہ میں ہیں،ان سب کو اپنی اپنی جیبیں بھرنے کی فکر ہے، عوام چاہے مہنگی روٹی خریدیں۔