لاہور۔15مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ گالی کا جواب گالی سے نہیں دیں گے۔مریم نواز کو بتا دیں کہ میں کسی سے ڈرنے والا نہیں ،آپ کے کارکنوں کو سمجھائیں گے۔ لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خاندانی لوگ ہیں ۔ ایسی حرکت کا جواب اس طرح نہیں دیں گے ۔ مجھے عدالت بلائے گی تو ضرور آئوں گا۔آپ کی طرح بہانے نہیں بنائوں گا ۔ میں نے عدالت میں ایف آئی اے کی مصدقہ دستاویزات دیں۔ مصدقہ دستاویزات کی بنیاد پر میں نے مقدمہ درج کرایا ۔ مقدمے کے اندراج کے لیے اثر و رسوخ استعمال نہیں کیا۔ معاون خصوصی ڈاکٹرشہباز گل کی لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر ن لیگ کے کارکنوں نے ان پرانڈے پھینکے اور مخالفانہ نعرے لگائے۔پولیس نے معاون خصوصی پر انڈے پھینکنے والے ن لیگی کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔