گال ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلہ میں داخل، پاکستان کو فتح کیلئے مزید 83رنز اور میزبان ٹیم کو 7وکٹیں درکار

128
گال ٹیسٹ

اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا کرکٹ ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا، میزبان ٹیم دوسری اننگز میں 279 رنز پر آئوٹ ہو گئی اور اس نے پاکستان کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 131 رنزکاہدف دیا،پاکستانی ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں چوتھے روز کھیل کے اختتام تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 48 رنز بنا لئے جبکہ اسے فتح کیلئے مزید 83 رنز درکار ہیں، نعمان علی اور ابرار احمد نے تین، تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

بدھ کو گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز سری لنکا نے گزشتہ روز کے سکور 14 رنز بغیر کسی نقصان کے اننگز کا دوبارہ آغاز کیاتو کپتان دیموتھ کرونارتنے6 اور نشان مدوشنکا8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ42 رنز پر گری جب دیموتھ کرونارتنے20 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر آئوٹ ہوئے جبکہ 79 کے مجموعی سکور پر کوشل مینڈس18 رنز بنا کر نعمان علی کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔

سری لنکا کی تیسری وکٹ91 رنز پر گری جب اینجلو میتھیوز7 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر آئوٹ ہوئے، چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی نشان مدوشنکا 99 کے مجموعی سکور پر 52 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر دھننجیا ڈی سلوا نے دنیش چندی مل کے ساتھ مل کر سکور کو آ گے بڑھانا شروع کیا تاہم 159 کے مجموعی سکور پر چندیمل28 رنز کی اننگز کھیل کر آغا سلمان کی بال پر آئوٹ ہوگئے اور کچھ ہی دیر بعد سدیرا سماراوکرما11 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔

اس موقع پر رمیش مینڈس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو 251 تک پہنچا دیا، وہ 42 رنز بنا کر ابرار احمد کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔ سری لنکا کے آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی دھننجیا ڈی سلوا نے 82 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔ پرابتھ جے سوریا 10 اور کسون رجیتھا 5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ اس طرح سری لنکا نے دوسری اننگز میں 279 رنز بنا کر پاکستان کو میچ میں فتح کیلئے مجموعی طور پر 131 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستانی سپنرز ابرار احمد اور نعمان علی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ آغا سلمان اور شاہین شاہ آفریدی نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پاکستان ٹیم نے سری لنکا کے 131 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چوتھے روز کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 48 رنز بنا لئے، اوپنر عبداللہ شفیق ایک مرتبہ پھر قابل ذکر پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کر سکے اور صرف 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ شان مسعود 7 اور نائٹ واچ میچ نعمان علی بغیر کوئی رن بنائے رن آئوٹ ہوگئے۔

امام الحق25 اور کپتان بابراعظم 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ سری لنکن سپنر پرابتھ جے سوریا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 48 رنز بنا لئے ہیں جبکہ اسے فتح کیلئے مزید 83 رنز درکار ہیں۔