ہمبنٹوٹا۔15دسمبر (اے پی پی):جافنا سٹالینز اور گال گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے درمیان لنکا پریمیئر لیگ 2020کا فائنل میچ (کل) بدھ کو ہمبنٹوٹا میں کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل لیگ میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میچ میں گال گلیڈی ایٹرز نے کولمبو کنگز کو 2وکٹوں سے شکست دیکر لیگ کا فائنل کھینے کا اعزاز حاصل کی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میچ میں جافنا سٹالینز نے ڈمبولا وائیکنگز کو 37رنز سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل میچ میں کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔ جافنا سٹالینز کے کپتان تھیسارا پریرا‘ اویشکا فرنینڈو اور دھننجایاڈی سلوا اس وقت بھرپور فارم میں ہیں جبکہ شعیب ملک ‘ عثمان شنواری اور اولیور جیسے باصلاحیت کھلاڑی بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ گال گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ایل پی ایل کے پہلے مرحلے میں 6 میچوں میں شکست کے باوجود سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ گلیڈی ایٹرز نے کولمبو کنگز کو سیمی فائنل میں شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ دھنوشکا گوناتھلاکا‘ اعظم خان ‘ سنداکان اور محمد عامر جیسے کھلاڑی موجود ہیں جو میچ کا پانسہ کسی بھی وقت پلٹ سکتے ہیں۔دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے فائنل سے قبل کامیابی کے لیے بیانات دیئے ہیں اس اعتبار سے فائنل میں کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔