فیصل آباد ۔ 02 دسمبر (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر سٹی ٹریفک پولیس فیصل آبادفرحان اسلم نے کہا کہ گاڑیوں کے اشاروں کا درست استعمال اور حد رفتار کی پابندی حادثات سے بچاؤ کی ضمانت ہے اسی لئے ٹریفک بارے شعور اجاگر کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں یفک ایجوکیشن کیلئے سکاؤٹس اور ٹریفک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ مشترکہ ٹریفک آگاہی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ سڑکوں پر شہریوں کو ٹریفک قوانین کا پابند بنانے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس متحرک ہے اور ہم حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہوکر ٹریفک آگاہی کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں کیونکہ ٹریفک آگاہی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اورتربیت یافتہ ڈرائیورز ٹریفک نظم و ضبط میں مددگار ثابت ہوتے ہیں نیز میرٹ پالیسی ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہری اور دیگر ادارے ٹریفک رولز پر عملدرآمد کے حوالے سے تعاون کریں کیونکہ یہ ایک قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری لا پرواہی کی وجہ سے روزانہ درجنوں لوگ حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں جن میں سے کچھ تو زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں اور کچھ زندگی بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں لہٰذاسٹرک پر چلتے ہوئے ہمیں ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا چاہیے اوراس کیلئے ہمیں اپنی اخلاقی اقدار میں بھی بہتری لانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ لائن اور لین کی پابندی کریں، دائیں بائیں مڑتے ہوئے انڈیکیٹرز کا مناسب استعمال کریں، ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں،غلط سمت میں گاڑی مت چلائیں اورحد رفتار سے تجاوز نہ کریں کیونکہ اس سے ٹریفک میں دشواری اور حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زندگی انمول نعمت ہے اسلئے اپنی زندگی کی حفاظت اور اس کی قدر کریں، بغیر لائسنس گاڑی مت چلائیں کیونکہ کم عمر افراد کیلئے ڈرائیونگ کرناقانوناً جرم ہے۔انہوں نے بتایا کہ سٹی ٹریفک پولیس لوگوں کو آگاہی دینے کیلئے سکولوں،کالجوں، سرکاری غیر سرکاری اداروں میں جاکرلیکچردے رہی ہے جبکہ ٹریفک قوانین میں ترامیم کی گئی ہیں اورجرمانوں میں اضافہ بھی کیا گیا ہے جس کاقطعاً مقصد ریونیو اکٹھا کرنا نہیں بلکہ لوگوں کوذمہ داری کا احساس دلانا ہے۔