29.6 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومقومی خبریںگجراتی قصائی مودی نےپہلگام واقعہ اندرونی سیاسی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے...

گجراتی قصائی مودی نےپہلگام واقعہ اندرونی سیاسی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے خود کرایا، وزیراعلیٰ سندھ

- Advertisement -

کراچی۔ 07 مئی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھارتی جارحیت کے خلاف نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان پر بھارت کے بے بنیاد الزامات کی مذمت کی اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جنہیں انہوں نے "گجرات کا قصائی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعہ مودی نے اپنے اندرونی سیاسی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے خود کرایا۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر ایک بڑی احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں مسلم لیگ ن، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی،ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ (ق) کے عہدیداروں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس ریلی نے قومی اتحاد کا مضبوط پیغام دیا۔اپنے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان پر بھارت کے بے بنیاد الزامات کی شدید مذمت کی۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر نے یہ واقعہ خود منصوبہ بندی کے تحت کروایا تاکہ اپنی اندرونی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹائی جا سکے اور انہیں "گجرات کا قصائی” قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ صرف دس منٹ کے اندر بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان پر الزام عائد کر دیا گیا۔ مراد علی شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور ابتدا سے ہی بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کرتا آیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے رابطہ کیا اور مکمل تعاون اور ثالثی کی پیشکش کی لیکن بھارت نے امن کی ان کوششوں کو مسترد کر دیا اور اس کے بجائے رات کے اندھیرے میں چھ مختلف مقامات پر حملے کیے جن کے نتیجے میں معصوم شہری جاں بحق ہوئے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے ایسا بھرپور جواب دیا کہ بھارت کو چند گھنٹوں میں سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور کر دیا۔پاک فضائیہ نے بھارت کے پانچ لڑاکا طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا۔ ہم نے صرف اس لیے تحمل کا مظاہرہ کیا تاکہ صورتحال مزید نہ بگڑے ورنہ ایک بھی بھارتی طیارہ بچ نہ پاتا۔وزیراعلیٰ نے زور دے کر کہا کہ یہ جواب غرور کا نہیں بلکہ قوم کے اتحاد اور عزم کا اظہار تھا۔وزیراعلیٰ نے فخر کے ساتھ اس موقع پر موجود ان ایتھلیٹس کی شرکت کا ذکر کیا جنہوں نے حال ہی میں بھارتی باکسرز کو شکست دی، جس سے قوم کا حوصلہ مزید بلند ہوا۔

اپنی تقریر کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ چند گھنٹوں میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے ہماری مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہو گئے۔ انہوں نے شرکاء کے ساتھ پاکستان زندہ باد کے پُرجوش نعرے لگائے۔ وزیراعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ اگر ضرورت پڑی تو ملک کے 25 کروڑ عوام پاکستان کے لیے اپنا آخری قطرہ خون بھی قربان کرنے کو تیار ہیں۔اس موقع پر خطاب کرنے والوں میں مسلم لیگ ن کے رہنما علی اکبر گجر، وزیر بلدیات سعید غنی، اے این پی کے صوبائی رہنما شاہی سید، جماعت اسلامی کے قائدین، پیپلز پارٹی کے سینیٹر منتخب وقار مہدی، جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما شامل تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594174

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں