احمد آباد۔30مئی (اے پی پی):کپتان ہاردک پانڈیا کی شاندار آل رائونڈ کارکردگی کی بدولت گجرات ٹائٹنز پہلی مرتبہ انڈین پریمیئر لیگ کی چیمپئن بن گئی ،گجرات ٹائٹنز فائنل میچ میں راجستھان رائلز کو 7 وکٹوں سے شکست دی اور آئی پی ایل کا ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کرنے والی ساتویں ٹیم بھی بن گئی ہے ، گجرات کی ٹیم کو آئی پی ایل کے ایڈیشن میں پہلی مرتبہ شامل کیا گیا تھا اور اس نے پہلی بار ہی فائنل میں پہنچ کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد ٹائٹل بھی حاصل کرلیا۔
فاتح ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر ہاردک پانڈیا نے بائولنگ کے شعبے میں تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور 34رنز سکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ ہاردک پانڈیا کو میچ اور راجستھان رائلز کے جوز بٹلر کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
نریندرا مودی سٹیڈیم، احمد آباد میں کھیلے گئے لیگ فائنل میچ میں راجستھان رائلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے، جوز بٹلر 39رنز بنائے۔گجرات ٹائٹنز کے کپتان ہاردک پانڈیا نے تین، سائی کشور نے دو جبکہ محمد شامی ،یش دیال اور راشدخان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
جواب میں گجرات ٹائٹنز نے مطلوبہ ہدف 18.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ڈیوڈ ملر نے 32رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان ہاردک پانڈیا 34رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ ہاردک پانڈیا کو میچ اور جوزبٹلر کو لیگ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔