اسلام آباد ۔10 مارچ(اے پی پی) قومی اسمبلی کو وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک بھر سے 2016ءمیں گرفتار ہونے والے دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 1554 ہے‘ وزیر داخلہ نے کبھی نہیں کہا کہ پنجاب میں دہشتگردی نہیں ہوتی۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران ثریا جتوئی کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری داخلہ نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ پنجاب بڑا صوبہ ہے اس کی آبادی بھی زیادہ ہے۔ 2016ءمیں صوبہ وار دہشت گردی کے جرم میں گرفتار ہونے والے ملزمان کی کل تعداد 1554 ہے جس میں پنجاب سے 418‘ سندھ سے 178‘ خیبر پختونخوا سے 799‘ بلوچستان سے 40 ‘ آئی سی ٹی اسلام آباد سے سات‘ فاٹا سے 88‘ آزاد کشمیر سے 10 اور گلگت بلتسان سے 14 دہشتگرد گرفتار کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے کبھی نہیں کہا کہ پنجاب میں دہشتگردی نہیں ہوتی۔