گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ کی شرح نمو میں 5.5فیصد اضافہ

157
ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 9.95 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 41.90 فیصد کا اضافہ

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ (ایل ایس ایم ) کی شرح نمو میں 5.5فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار مہینوں میں جولائی تا اکتوبر 2020کے دوران ایل ایس ایم کے شعبہ کی شرح ترقی 5.5فیصد تک بڑھ گئی۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2020مسلسل دوسرا مہینہ ہے جس میں بڑے صنعتی اداروںکی شرح نمو گذشتہ ماہ کے مقابلہ میں زائد رہی ہے اور پاکستان میں کووڈ19کی دوسری لہر کے باوجود ایل ایس ایم کے شعبہ کی شرح نمو میں اضافہ حوصلہ افزا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق 15بڑی صنعتوں میں سے 9صنعتی شعبوں کی شرح نمو میں اضافہ ہوا ہے جبکہ 6مختلف بڑی صنعتوں کی شرح نمو میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اکتوبر 2020کے دوران ایل ایس ایم کے شعبہ کی شرح نمو میں 6.7فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ جبکہ ستمبر 2020کے مقابلہ میں اکتوبر2020کے دوران شعبہ کی شرح نمو میں 3.4فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پی بی ایس کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2020کے دوران جولائی تا اکتوبر 2020کے دوران ٹیکسٹائل سیکٹر کی شرح نمو 2.2اور نان مٹیک منرلز کے شعبہ کی ترقی 22.9فیصد رہی ہے۔ اسی طرح فرٹیلائیزر کے شعبہ کی شرح نمو بھی 6فیصد جبکہ فوڈ، بیوریج اور تمباکو کی صنعتوں کی شرح ترقی میں بھی 12.2فیصد اور کیمیکلز مصنوعات تیار کرنے والی صنعت کی شرح نمو بھی 9.2فیصد تک بڑھ گئی۔ اسی طرح پیپر اینڈ بورڈ کے شعبہ کی شرح نمو میں 10.4فیصد، ادویہ سازی کے شعبہ میں 13.5فیصد اور پٹرولیم کے شعبہ کی شرح ترقی میں 1.6فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب آٹو موبائیلز کے شعبہ کی شرح نمو میں 1.6فیصد کمی ہوئی ہے تاہم کمی کے رجحان میں بہتری ہو رہی ہے اور اسی طرح آئرن اینڈ سٹیل کی صنعت کی شرح ترقی میں 5.4فیصد ، انجینئرنگ مصنوعات 34فیصد اور پراڈکٹس 43فیصد اور جولائی تا اکتوبر 2020کے دوران لکڑی کی مصنوعات تیار کرنے والی صنعت کی ترقی میں بھی 64فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔