اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کے حکام نے کہا ہے کہ ملک بھر سے موصولہ مستند اعداد و شمار کے مطابق10 ہزار 13 مریضوں میں ڈینگی کی تشخیص ہو چکی ہے، پنجاب میں 17 فیصد مریضوں کا تعلق پوٹھوہار علاقہ سے ہے، ڈینگی کے حوالہ سے پورے ملک میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ وزارت کے حکام نے بتایا کہ گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے لیکن اس سلسلہ میں حکومت تمام ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ ڈینگی لاروے کی افزائش کو روکنے کے ساتھ ساتھ متاثرہ افراد کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جا سکے جبکہ مختلف مواصلاتی ذرائع اور بینرز کے ذریعے خصوصی آگاہی بھی دی جا رہی ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس ضمن میں صوبائی حکومتوں کو بھی ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے اور صوبے بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ این آئی ایچ ہسپتال میں آئسولیشن وارڈ اور ایک ایمرجنسی سیل قائم کیا گیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ مرتب کر رہا ہے۔