اوکاڑہ۔ 19 فروری (اے پی پی):معاون خصوصی وزیراعلیٰ برائے پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ سلمہ بٹ کی زیر صدارت اجلاس کا انعقادہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، مارکیٹ کمیٹی، محکمہ فوڈ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران، پوٹیٹو گروور ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی موجود تھے۔
اجلاس کو پرائس کنٹرول میکنزم اور ماہ صیام میں سہولت بازاروں کے قیام کے سلسلہ میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔معاون خصوصی وزیراعلیٰ سلمہ بٹ نے کہا کہ پاکستان ایک غریب ملک ہے جہاں کم آمدنی طبقہ کی تعداد کافی زیادہ ہے، وزیراعلیٰ پنجاب عوامی ریلیف کے لیے متحرک انداز میں کام کر رہی ہیں، مہنگائی مافیا کے خلاف حکومت پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، جائز منافع تاجروں کا حق ہے تاہم گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کسی طور بھی قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں گی، پوٹیٹو گروور ایسوسی ایشن رمضان المبارک میں آلو کے ریٹ ریٹس کنٹرول رکھنے میں مثبت کردار ادا کرے، تاجر برادری ماہ صیام میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے منافع کم رکھیں، ہم سب کو مل کر مسائل کا خاتمہ کرنا ہوگا۔معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ زراعت، انڈسٹری سمیت تمام شعبہ جات سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ عوام کو کنٹرول ریٹس پر ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔