گردشی قرضہ اس وقت تقریباً 2300 ارب روپے ہے، مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن رواں سال ستمبر میں مکمل ہوجائے گی، سیکرٹری پاور ڈویژن کی وفاقی وزیر توانائی کو بریفنگ

126

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کو بتایا گیا ہے کہ گردشی قرضہ اس وقت تقریباً 2300 ارب روپے ہے، مٹیاری لاہور ٹرانسمیشن لائن رواں سال ستمبر میں مکمل ہوجائے گی، فرنس آئل پر چلنے والے پرانے بجلی گھروں کو مرحلہ وار ختم کر دیا جائے گا۔ بدھ کو سیکرٹری پاور ڈویژن اور دیگر افسران نے وفاقی وزیر توانائی کو بجلی کے شعبے سے متعلق امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

وفاقی وزیر توانائی کو بتایا گیا کہ پاور ڈویژن نے گردشی قرضے کے اعدادوشمار ماہانہ بنیاد پر مرتب کرنے کی حکومت عملی اختیار کی ہے جس سے گردشی قرضہ بڑھنے کی مختلف وجوہات کی نشاندہی ہوتی ہے۔ وفاقی وزیر توانائی کو پاور ڈویژن کے ذیلی اداروں کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا جن میں بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام وک بہتر بنانے بھی شامل ہیں۔

وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ بجلی کے شعبے کے پی ایس ڈی پی 2020-21ء کا حجم 74497.770 ملین روپے ہے جس کا بڑا حصہ ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور این ٹی ڈی سی کے اپنے وسائل سے حاصل ہوتا ہے۔ بڑے ترسیلی منصوبوں میں کاسا 1000، چار ہزار میگاواٹ کی میٹاری لاہور ٹرانسمیشن لائن اور داستو ترسیلی لائن شامل ہیں۔ بجلی پیداواری لاگت میں کمی لانے کیلئے فرنس آئل کے پرانے بجلی گھروں کی جگہ کم لاگت والے نئے پیداواری پلانٹس لگائے جائیں گے جس سے بجلی کی قیمت میں کمی آئے گی۔