فیصل آباد۔ 14 جون (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کماد کے کاشتکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ فصل کو پانی کی کمی نہ آنے دیں کیونکہ جون و جولائی کے دوران موسم گرماکی شدت کے پیش نظر پانی کی کمیابی کی وجہ سے کماد کی فصل بہت متاثر ہوتی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع ڈاکٹر خالد اقبال نے بتایا کہ کماد کی فصل کو سال میں اوسطاً 16 مرتبہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر موسمی شدت اور فصل کی ضرورت کے مطابق کماد کی فصل کو سیراب کیا جائے تو گنے کی فی ایکڑپیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جون و جولائی کے علاوہ مارچ اپریل میں تین ہفتے، مئی تااگست ڈیڑھ سے دو ہفتے، ستمبرسے اکتوبر تک فی ہفتہ اور نومبر سے فروری تک 6 سے 7 ہفتے تک پانی دینا نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کھاد ڈالنے کے بعد آبپاشی کی اشد ضرورت ہوتی ہے تاکہ اس کے بہترین فوائد اور مطلوبہ مقاصد حاصل کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ برسات کے موسم میں پانی کے تناسب کا خاص خیال رکھنا چاہیے کیونکہ ان ایام میں زیادہ پانی دینے سے گنے کو کیڑا لگنے کا بھی خدشہ رہتا ہے۔