اسلام آباد ۔ 11 جون (اے پی پی) وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تصدیق شدہ یونیورسٹیوں اور اداروں سے حال ہی میں گریجوایشن مکمل کرنے والے نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے والے افرادکو ادا کردہ سالانہ تنخواہ کے حساب سے ٹیکس کی رعایت دی جائے گی۔ منگل کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2019-20ءکا وفاقی بجٹ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ نئے گریجوایٹس کو ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں، ایسے گریجوایٹس کو ملازمت فراہم کرنے والے افراد کو ایک نیا ٹیکس کریڈٹ دینے کی تجویز ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تصدیق شدہ یونیورسٹیوں اور اداروں سے حال ہی میں گریجوایشن مکمل کرنے والے نوجوانوں کو ملازمت فراہم کرنے والے افرادکو ادا کردہ سالانہ تنخواہ کے حساب سے ٹیکس کی رعایت دی جائےگی۔ یہ ٹیکس رعایت کاروباری اداروں کی طرف سے اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کی مد میں کلیم شدہ اخراجات کے علاوہ ہو گا۔ ایسے افراد جنہوں نے یکم جولائی 2017ءکے بعد گریجوایشن مکمل کی ہو گی انہیں ٹیکس رعایت کے مقصد کے لئے نیا گریجوایٹس تصور کیا جائے گا۔