پورٹ الزبتھ ۔ 16 جنوری (اے پی پی) جنوبی افریکن ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں شکست دیکر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھر پور فارم میں ہے اور پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے پہلے میچ کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔ اپنے ایک بیان میں ہاشم آملہ نے کہا کہ پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کرنے کے بعد ان کی ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور اب ان کی ٹیم گرین شرٹس کو ون ڈے سےریز میں بھی کلین سویپ کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پہلے میچ میں شکست دیکر ون ڈے سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کرنا چاہتے ہیں تاہم انہوں نے ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ اس مقصد کے حصول کے لئے پوری ٹیم کو سرتوڑ محنت کرنا ہوگی۔