گرین شرٹس کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے، عثمان خواجہ

78
Usman Khawaja

میلبورن۔11دسمبر (اے پی پی):آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ مہمان پاکستان ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے۔ 36 سالہ اوپننگ بلے باز نے کہا کہ گرین شرٹس کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے لئے ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ پاکستان ٹیم کو شکست دینا آسان نہیں ہے تاہم ان کی ٹیم نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ابتدائی میچ سے قبل بھرپور تیاری کر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان ٹیم کے خلاف ابتدائی ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کریں گے۔

عثمان خواجہ نے کہا کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شرکت کے لئے بے تاب ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گرین شرٹس کو ابتدائی میچ میں شکست دیکر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز فاتحانہ انداز میں کریں گے ۔ انہوں نے اپنی ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کے خلاف سیریز میں کامیابی کے لئے ٹیم کو تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 14 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہوگا۔