گرے لسٹ سے نکلنا پاکستان کی بڑی کامیابی ہوگی،جی ایس پی پلس سے ملکی برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی، وفاقی وزیراحسن اقبال کی میڈیا بریفنگ

54

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ گرے لسٹ سے نکلنا پاکستان کی بڑی کامیابی ہوگی،انڈونیشیا سے خوردنی تیل درآمد کیا جا رہا ہے،جی ایس پی پلس سے ملکی برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی،گزشتہ حکومت کے غیر ذمہ دارانہ فیصلوں کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کابینہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ فٹیف میں گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں جانے کا راستہ ہموار ہوگیا ہے ،گرے لسٹ سے نکلنا پاکستان کی بڑی کامیابی ہوگی، آرمی چیف کی نگرانی میں ایک سیل بنایا گیا تھا، آرمی چیف کی کاوشوں کو سراہا گیا۔انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ اور وزیر مملکت خارجہ نے کابینہ کو فیٹف پر بریفنگ دی ،پاکستان کا فیٹف وائیٹ لسٹ میں جانے کا راستہ ہموار ہو چکا ہے،فیٹف کے حوالے سے افواج سمیت سب نے بہترین کارکردگی دکھائی۔

انہوں نے کہا کہ ‏انڈونیشیا سے خوردنی تیل درآمد کیا جا رہا ہے، خوردنی تیل کے حوالے سے کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا،انڈونیشیا سے خوردنی تیل کے جہاز آرہے ہیں،وزارت صنعت کی پوری ٹیم کو اس کاوش پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ملک میں یوریا کی دستیابی کے حوالے سے بریف کیا گیا،وزیراعظم نے یوریا کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے،وزیراعظم اشیا ءکی دستیابی کے عمل کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں،احسن اقبال نے کہاکہ گزشتہ دور میں ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا،ادویات کی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی گئی،جی ایس پی پلس سے ملکی برآمدات بڑھانے میں مدد ملے گی،برآمدات بڑھانے کے لیے تمام وزارتیں مل کر کام کررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے کیے معاہدوں پر عملدرآمد نہیں کیا،ہم نے سیاست پر ملکی مفاد کو ترجیح دی ہے،ملک کو معاشی انتشار سےبچانے کے لئے مشکل فیصلے کیے،اگلا سال ملکی استحکام کا ہے،ن لیگ کے گزشتہ دور حکومت میں ترقیاتی بجٹ ایک ہزار ارب روپے تھا،گزشتہ حکومت کی نااہلی سے آج ترقیاتی بجٹ آدھا رہ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے غیر ذمہ دارانہ فیصلے کرکے ملک کو نقصان پہنچایا،امید ہے تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کا فیصلہ جلد سنایا جائے گا،ممنوعہ فنڈنگ آئین اور قانون کے خلاف ہے،عمران خان کی رضا مندی سے ممنوعہ فنڈنگ حاصل کی جاتی رہی،امید ہے الیکشن کمیشن دباؤ کے بغیر فیصلہ دے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان مرضی کے فیصلے لینے کے لیے اداروں کو دباؤ میں لانے کی کوشش کر رہا ہے،عمران خان نے ملک میں انتشار،بدامنی اور غیریقینی کی صورتحال پیدا کی۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی سے منسلک ہے،گلگت بلتستان اور کشمیرکواس کو پورا حق دیا جائے گا،عمران خان نے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کے سوا ترقی نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اشیا کی دستیابی کے عمل کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں، گزشتہ دور میں ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا تھا جس کو کم کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، جی ایس پی پلس سے ملکی برآمدات بڑھانےمیں مدد ملےگی، اس حوالے سے بھی کابینہ میں بریفنگ دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ برآمدات بڑھانے کے لئے تمام وزارتیں مل کر کام کر رہی ہیں، ملک کو معاشی انتشار سے بچانےکے لئے مشکل فیصلے کئے ہیں، اگلا سال ملکی استحکام کا ہے۔احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی سے منسلک ہے، خوردنی تیل کے حوالے سےکابینہ کو اعتماد میں لیا ہے،جس کے جہاز انڈونیشیا سے آ رہے ہیں۔