گزشتہ تین ماہ کے دوران جرائم پیشہ عناصر سے 37چوری شدہ گاڑیاں اور 159 موٹر سائیکل برآمد کئے گئے،ڈی آئی جی اسلا م آباد

134

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):ڈی آئی جی اسلا م آباد سید علی رضا کی پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کے دوران 37 گاڑیاں ،159 موٹر سائیکل ،02 کروڑ سے زائد نقدی ،16 لاکھ روپے سے زائد کے طلائی زیورات ،91 موبائل فونز سمیت لاکھوں روپے کا مال مسروقہ اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ ڈئی آئی جی اسلام آباد نے پروقار تقریب کے دوران شہریوں کو ان کی گاڑیاں ،موٹرسائیکل ،نقدی طلائی زیورات اور مسروقہ سامان حوالے کیا۔پولیس ترجمان کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی رضا نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں ایس ایس پی آپریشنز/انوسٹی گیشن محمد ارسلان شاہزیب ،تمام زونل ایس پیز ،ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز سمیت شہریوں نے شرکت کی۔ اسلام آباد پولیس کے انسداد رابرداری و ڈکیتی یونٹ اور تمام تھانہ جات نے گزشتہ تین ماہ کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کیا اور گرفتار ملزمان کے قبضہ سے کروڑوں روپے مالیت کی 27 کاریں،10 دیگرگاڑیاں،159 موٹرسائیکل،02 کروڑ 29 لاکھ روپے سے زائد نقدی ،16 لاکھ 20 ہزار روپے سے زائد کے طلائی زیورات ،91 موبائل فونز ،لاکھوں روپے کا دیگر مال مسروقہ اور گھریلو سامان سمیت ،گاڑیوں و موٹر سائیکلوں کے سپیئر پارٹس ،منشیات اور بڑی تعداد میں اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کر لیاگیا۔

ڈی آئی جی اسلام آباد نے سینئر پولیس افسران کے ہمراہ پروقار تقریب میں شہریوں کو ان کی گاڑیوں اور موٹر سائیکل ،طلائی زیورات اور نقدی،لیپ ٹاپس اور دیگر گھریلو سامان ان کے حوالے کیا، شہریوں نے مسروقہ گا ڑ یا ں و موٹر سائیکل اور دیگر مال مسروقہ واپس ملنے پر پولیس ٹیموں کی کارکر دگی کو سراہتے ہو ئے اسلام آ باد پولیس کا شکر یہ ادا کیا ۔ اس موقع پر ڈی آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تمام افسران کو یہ احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈائون کو تیز کر دیں،چوری ،ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں کی روک تھام کویقینی بناتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر ،اشتہاری و عدالتی مفروران اور عادی مجرمان کی گرفتاریوں کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ سال 2025 میں وفاقی دارالحکومت کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کر دیا جائے گا اور موثر پولیسنگ اور تفتیش کی بدولت جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاریوں اور کے انسداد کو یقینی بنایا جائے گا۔