ٹوکیو۔29مارچ (اے پی پی):جاپان میں گزشتہ سال سکول کے 529 بچوں نے خودکشی کی جو ریکارڈ بلند تعداد ہے۔ این ایچ کے، کے مطابق جاپان کی صحت اور بہبود کی وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 2024 میں پرائمری، ثانوی اور ہائی سکولوں کے طلبا کی خودکشیوں کے حتمی اعداد و شمار کے مطا بق مجموعی طور پر 529 بچوں نے خود کشی کی ہےیہ تعداد 2022 میں قائم ہونے والے سابقہ ریکارڈ، 514 سے زیادہ ہے۔
وزارت نے کہا کہ یہ اعداد و شمار خودکشیوں کی وجوہات یا محرکات کو ظاہر کرتے ہیں، جس سے ہر معاملے میں متعدد عوامل کی نشاندہی ہوتی ہے۔ خراب گریڈز اور مستقبل کے کورس کا فیصلہ کرنے میں ناکامی جیسے سکول سے متعلق مسائل کو سب سے زیادہ یعنی 272 کیسز میں خود کشی کی وجہ بتایا گیا ہے۔ 164 کیسز میں ڈپریشن جیسے صحت کے مسائل اور 108 میں والدین کے ساتھ خراب تعلقات جیسے خاندانی مسائل کا حوالہ دیا گیا۔
بچوں میں خودکشی کے رجحان میں اضافے کے باوجود، جاپان میں خودکشیوں کی کل تعداد 2024 میں کم ہو کر 20,320 رہ گئی، جو 2023 کے مقابلے میں 1,517 کم ہے اور 1978 میں ریکارڈ مرتب کرنے کے آغاز کے بعد دوسری سب سے کم تعداد ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577128